سرینگر// حکومت نے چھاپڑی فروشوں کی خود کفالت کی مرکزی اسکیم کے نفاذ کی نگرانی کیلئے مرکزی اور ضلعی سطح پر کمیٹی کو تشکیل دینے کا اعلان کیاہے۔ سرکار نے چھاپڑی فروشوں کی بہبودی اور فلاح و روزگار کیلئے ’’ وزیر اعظم چھاپڑی فروش خود کفالت فنڈ‘‘ شروع کیا ہے۔ وبائی بیماری کرونا وائرس کے بیچ گزشتہ برس جون میں حکومت نے ’’ وزیر اعظم چھاپڑی فروش خود کفالت فنڈ‘‘ شروع کیا تھا ۔اس اسکیم کے تحت چھاپڑی فروشوں کو 10 ہزار روپے تک چھوٹے قرضے کی سہولیات ایک سال کے لئے کم شرح سود پر فراہم ہوتی ہے۔ جموں کشمیر حکومت نے جمعرات کو اس اسکیم کے نفاذ کو عمل میں لانے اور نگرانی کیلئے با ضابطہ طور پر مرکزی و ضلعی کمیٹیوں کے قیام کو ہری جھنڈی دکھایا۔ کمشنر سیکرٹری عمومی انتظامی محکمہ منوج کمار دیویدی کی جانب سے جمعرات کو جاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ جموں کشمیر سطح پر جو8رکنی ٹیم تشکیل دی ہے،اس کی کمان پرنسپل سیکریٹری شہری ترقی ومکانات کو سونپی گئی،جبکہ کمیٹی میں محکمہ محنت و روزگار کے کمشنر سیکریٹری،محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے انتظامی سیکریٹری،ڈائریکٹر جنرل بجٹ، جموں کشمیر بنک کے چیئرمین یا نمائندہ،جس کا عہدہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے کم نہ ہو،محکمہ سماجی بہبود کے نمائندے،جس کا عہدہ ایڈیشنل سیکریٹری سے کم نہ ہو،محکمہ صحت و طبی تعلیم کا نمائندہ جس کا عہدہ ایڈیشنل سیکریٹری سے کم نہ ہو اور این یو ایل ایم کے مشن ڈائریکٹر شامل ہونگے۔ حکم نامہ کے مطابق ضلعی سطح پر بھی8رکنی ٹیم کو تشکیل دیا گیا،جس کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنر چیئرپرسن ہونگے۔ کمیٹی میں ایڈیشنل ڈسڑک ڈیولپمنٹ کمشنر،کمشنر میونسپل کارپوریشن،یا چیف ایگزیکیٹو افسر میونسپل کمیٹی و کونسل،چیف ایجوکیشن افسر،چیف میڈیکل افسر،ضلع سوشیل ویلفیئر افسر،اسسٹنٹ ڈائریریکٹر محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور لیڈ بنک منیجر بطور ممبران شامل ہونگے۔