سرینگر//سابق ریاست جموں کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو پیر کے روز پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدارت کیلئے دوبارہ منتخب کیا گیا۔
محبوبہ2016میں اپنے والد مفتی محمد سعید کے انتقال کے بعدپارٹی کی صدر بنی تھی۔
پی ڈی پی ذرائع کے مطابق آج منعقدہ انتخابات کے دوران محبوبہ کو متفقہ طور پر آنے والے تین برس کیلئے پارٹی کی صدرات سونپی گئی۔محبوبہ کا نام سینئر پارٹی لیڈران غلام نبی لون ہانجورہ اور خورشید عالم نے تجویز کیا۔
ذرائع نے کہا کہ کشمیر اور جموں صوبوں کے الیکٹورل کالج ممبران نے محبوبہ کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔
قابل ذکر ہے کہ محبوبہ کی پارٹی صدر کی حیثیت سے مدت کار اکتوبر2020کو اختتام ہوئی تھی تاہم کورونا وائرس سے پیدا صورتحال کی وجہ سے انتخابات نہیں ہوئے تھے۔
آج منعقدہ انتخابات کے دوران سریندر چودھری جموں صوبے کیلئے ریٹرننگ آفیسر تھے جبکہ ستپال سنگھ نے مشاہد کے فرائض انجام دئے۔
سرینگر میں پارٹی انتخابات کی دیکھ ریکھ الیکشن بورڈ کے چیئر مین اے آر ویری نے انجام دئے۔