سوپور//سوپوراور اس سے ملحقہ علاقوں کے لوگوں نے ضلع حکام کی طرف سے نالہ ننگلی سے غیر قانونی طور ریت نکالنے والے عناصر کیخلاف کارروائی نہ کرنے پر برہمی کااظہار کیا ہے۔تارزو،امبر پورہ اور پنجی پورہ میں نالہ ننگلی سے خودغرض عناصر کی طرف سے مسلسل ریت نکالنے پر مقامی لوگوں نے سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ نالہ سے غیرقانونی طور ریت نکالنے کا عمل جاری ہے اوریہ حکام کی خاموش حمایت کی وجہ سے دن دہاڑے انجام دیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ ریت نکالنے کے اس عمل کا خاموشی سے تماشہ دیکھ رہا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق اس طرح مسلسل ریت نکالنے سے نالہ کے کنارے باندھ کمزور پڑ چکے ہیں جو بارشوں کے موسم میں نزدیکی آبادی کیلئے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نالہ میں اس وجہ سے پانی کی کمی کی وجہ سے ہزاروں درخت سوکھ گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکام ان عناصر کے خلاف کوئی کارروائی کرنے سے ہچکچارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نالہ سے غیرقانونی طور ریت نکالنے کا عمل صبح کے وقت انجام دیا جاتا تھا لیکن اب کچھ عرصے سے یہ عمل دن دھاڑے عملایا جاتا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع حکام سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی کے ساتھ لیکر اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں ۔اس دوران سوپور پولیس نے کہا ہے کہ ریت کی غیر قانونی تجارت میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور نالہ ننگلی میں ریت کی غیر قانونی کان کنی پر روک لگائی جائے گی ۔