سرینگر//نیشنل کانفرنس نے مرحوم شیخ نذیر احمد کی چھٹی برسی پر خراج عقیدت ادا کیا ہے۔پارٹی صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس اپنے رہنماکی کمی محسوس کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 6برسوں میں ایسا کوئی دن نہیں گزرا ہوگا جب نیشنل کانفرنس کے جلسوں، تقریبات، میٹنگوں یا کسی کنونشن میں اُن کا ذکر نہ کیا گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے دہائیوں تک پارٹی کی آبیاری کی اور اصولوں اور فیصلوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ شیخ نذیر حق گوئی ، سچائی، غریب پروری، دوراندیشی اور سچے قوم پرستی کیلئے جانے جاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موصوف کی زندگی کاایک وقت جیل خانوں میں گزرا، جہاں انہیں تھرڈ ڈگری ٹارچر بھی جھیلنا پڑامگر ان کے قدم کبھی نہیںڈگمگائے اور نہ ہی اُن کے موقف میں کوئی تبدیلی آئی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک سچے کشمیری اور تحریک حریت کشمیر کے علمبردار تھے، اُن کے دل میں کشمیر کی محبت کوٹ کوٹ کر بھری تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم ہر کارکن اور عہدیدار کی سیاسی سرگرمیوں یہاں تک کہ گھریلوحالات و واقعات سے بھی باخبر رہتے تھے۔ مرحوم کی کوششوں سے ہی پارٹی کا مرکزی دفتر اور ضلع دفاتر وجود میں آئے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ نذیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے الفاظ کم پڑ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کو تاریخ کشمیر کے بھرپور عبور حاصل تھا۔پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال ، صوبائی صدود ناصر اسلم وانی ودیوندر سنگھ رانا، اراکین پارلیمان ایڈوکیٹ محمد اکبر لون و حسنین مسعودی، سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر، محمد شفیع اوڑی، چودھری محمد رمضان، شریف الدین شارق، پیرزادہ احمد شاہ، محمد اکبر لون، میاں الطاف احمد، آغا سید روح اللہ، قمر علی آخون، کفیل الرحمن، میر سیف اللہ، قیصر جمشید لون، شمیمہ فردوس، سکینہ ایتو، خالد نجیب سہروردی، سجاد احمد کچلو، علی محمد ڈار، ایڈوکٹ عبدالمجید لارمی، الطاف احمد کلو، شیخ اشفاق جبار، عرفان احمد شاہ، غلام قادری پردیسی، سلمان علی ساگر، عمران نبی ڈار، پیر آفاق احمد، اعجاز جان، حنیفہ جان، ایڈوکیٹ شوکت احمد میر ، شیخ محمد رفیع ،غلام محی الدین میراور سلام الدین بجاڑ نے بھی مرحوم لیڈر کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ شیخ نذیر احمد کی برسی آج یعنی 24فروری کو منائی جارہی ہے۔ ادھر عوامی نیشنل کانگرنس صدر بیگم خالدہ شاہ نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی۔