ترال //جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال کے لرو علاقے میں فورسز کی ایک مشترکہ پا رٹی نے جیش محمد سے وابستہ ایک اعانت کار کو گرفتار اور اس کے قبضے سے ایک ہتھ گولہ برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے ۔ اونتی ورہ پولیس کی جانب سے موصولہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ فوج کی42RRسی آر پی ایف اور ایس او جی ترال نے لرو جاگیر علاقے میں ایک مشترکہ کارروائی کے دورا ن مزمل قادر بٹ کو گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق گرفتار شدہ سے ایک گرینیڈ اور قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کیا گیا۔بیان کے مطابق مزمل جیش کے کمانڈروں کے ساتھ رابطے میں تھا۔اس ضمن میں ایف آئی آر نمبر13درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ادھر ناز نین پورہ ترال میں فوج ،پولیس اور سی آر پی ایف نے گائوں کو پیر کی صبح محاصرے میں لے کرگھر گھر تلاشی لی تاہم اس دوران کسی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ گاؤں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پہرے بٹھا دئیے گئے تھے اور حفاظتی فورسز کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔محاصرہ کئی گھنٹے بعد اختتام پزیر ہوا جس دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔