بارہمولہ+سوپور//شمالی قصبہ بارہمولہ کے سٹیڈیم کالونی علاقے میں حالیہ باشوں سے گھروں میں پانی گھسنے کے بعد سوموار کو مقا می لوگوں نے ہندوارہ بارہمولہ شاہراہ پر زبردست احتجاج کیا جس کے نتیجے میں ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوئی ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں حالیہ بارشوں کے بعدپانی گھروں میں داخل ہو گیا اور نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے کئی رہائشی مکانات کو نقصان ہوا جس کی وجہ سے مکینوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔ اس دوران میونسپل کونسل بارہمولہ کے چیئرمین عمر ککرو ، پولیس افسران اور تحصیلدار بارہمولہ جائے موقع پر پہنچے اورمظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو حل کریں گے جس کے بعد مظاہرین پُر امن طور منتشر ہوئے ۔ برف باری اور لگاتار بارش کی وجہ سے ندیوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا جس سے سوپور قصبے کے متعدد علاقوں میں پانی جمع ہوچکا ہے۔خاص طور پر پچھلے دو روز بارش سے قصبے کے متعدد علاقوں میں سڑکیں ، گلیوں اور مکانات کے اندرپانی جمع ہوچکا ہے ، جس میں تجارتی علاقوں جیسے اقبال مارکیٹ ، ڈائون ٹاون اور کالج روڈ شامل ہیں ۔ ایک مقامی باشندے محمد شفیع نے بتایا کہ قصبے اور اس سے ملحقہ علاقوں میں نکاسی آب کے ناقص نظام کی وجہ سے پریشانی ہے۔انہوں نے کہا کہ قصبے میں پانی نے تباہی مچا دی ہے کیونکہ سڑکیں اور گلیوں کو تالاب میں تبدیل کردیا گیا ہے کیونکہ قصبے میں کہیں بھی نکاسی آب کا مناسب انتظام موجود نہیں ہے۔اسی طرح سید پورہ سوپور کے متعدد باشندوں نے پیر کے روز محکمہ آبپاشی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور کہا کہ برسوں سے علاقے میں تباہ شدہ نکاسی آب کے نظام پر مرمت نہیں ہورہی ہے۔ مشتعل مظاہرین کا کہنا تھا کہ جیسا کہ پچھلے دو دنوں میں برف باری اور تیز بارشوں کی وجہ سے گلیوں اور ان کے رہائشی مکانوں میں بڑے پیمانے پر پانی کا خطرہ ہے۔مقامی لوگوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ایک ٹیم اور واٹر پمپ علاقے میں بھیجیں تاکہ سڑکوں اور رہائشی مکانات سے جلدی سے پانی کی نکاسی عمل میں لائی جائے۔