جموں//ڈی ڈی سی چئیر پرسن ، سابق قانون ساز اور راجوری علاقے کا ایک عوامی وفد یہاں راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملا ۔ سابق قانون ساز اشفاق جبار ، ڈی ڈی سی چئیر پرسن گاندر بل محترمہ نزہت اشفاق کے ہمراہ لفٹینٹ گورنر سے ملے اور انہیں گاندر بل علاقے کے مختلف ترقیاتی مسائل سے آگاہ کیا ۔ جن میں صحت و تعلیم سہولیات میں توسیع ، نئے 93 میگاواٹ پن بجلی پروجیکٹ کی عمل آوری ، خواتین کیلئے ڈگری کالج کا قیام اور بجلی بل کی رعائتی سکیم میں توسیع شامل تھے ۔ انہوں نے گاندر بل اور اس سے ملحقہ علاقوں میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں میں مقامی آبادی کو ہی کام پر لگانے کی مانگ کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے سابق قانون ساز اور ڈی ڈی سی چئیر پرسن کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جموں کشمیر کے عوام کو بااختیار بنانے اور علاقے کی کلہم ترقی کے تحت ہی کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مسائل اور مانگوں کا بغور جائیزہ لیکر انہیں بروقت پورا کیا جائے گا ۔ انہوں نے دونوں کو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھنے کیلئے کہا ۔ دریں اثنا راجوری سے ایک عوامی وفد سیاسی کارکن گفتار احمد چودھری کی قیادت میں لفٹینٹ گورنر سے ملا اور انہیں علاقے میں سڑک رابطہ سہولیات کو مستحکم بنانے ، پانی اور بجلی کی ترسیلی میں توسیع دینے ، تعلیمی سہولیات کو توسیع دینے ، دیہی علاقوں میں بنک کی شاخیں قائم کرنے ، قبائلی طبقے کیلئے کمیونٹی ہال ، طبی ڈسپنسری ، آنگن واڑی مراکز قائم کرنے ، کوٹرانکا میں آؤٹ ڈور سٹیڈیم تعمیر کرنے ، سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کو توسیع دینے اور دیہی علاقوں میں چھوٹے پیمانے کے صنعتی یونٹوں کو ترقی دینے سے متعلق مانگوں کی ایک یاداشت پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ یو ٹی حکومت جموں کشمیر کے تمام علاقوں کی یکساں اور متواتر ترقی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مسائل کا بغور جائیزہ لے کر انہیں پورا کیا جائے گا۔