سرینگر//نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود، خوشحالی اور فارغ الباری کیلئے کام کرتی آئی ہے اور اس جماعت نے لوگوں کی خدمت کرنے میں جو تاریخی رول ادا کیا ہے وہ عوام کو بخوبی یاد ہے۔ اس تنظیم نے روزِ اول سے آج تک تمام نشیب و فراز یہاں تک کہ پُرآشوب دور میں بھی کشمیری قوم کی ہر نازک موڑ پر صحیح رہنمائی کی۔ ان باتوں کا اظہار پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگرنے پارٹی ہیڈکوارٹر پر حلقہ انتخاب بیروہ کے عہدیداروں اور کارکنوں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے حالیہ ڈی ڈی سی چیئرمین کے انتخاب میں ہوئی بے ضابطگیوں پر زبردست تشویش اور مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ اکثریت ہونے کے باوجود بھی بڈگام میں نیشنل کانفرنس کو چیئرمین کے عہدے سے دور رکھا گیا۔ اس کے علاوہ وفد نے علاقے کے لوگوں کے مسائل و مشکلات بھی اُجاگر کئے۔ ساگر نے اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ڈی سی چیئرمین بڈگام کے انتخاب میں ہوئی بے بطگیاں انتہائی تشویشناک ہیں اور پارٹی نے اس سلسلے میں عدالت عالیہ سے رجوع کیا ہے اور اُمید ہے کہ عدلیہ میں حق کی جیت ہوگی اور بڈگام کے لوگوں کے منڈیٹ کا احترام کرکے نیشنل کانفرنس کو اس کا حق دیا جائے گا۔ انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں اور عوام کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں کیونکہ یہی ہماری جماعت کا بنیادی اصول ہے۔تنظیم کی بالادستی مقدم ہے اور تنظیم کے وجود سے ہی آج بھی ہم کھڑے ہیں۔ اس تنظیم کی آبیاری اُن بے لوث، سچے دیانتدار اورکشمیر کے عظیم سپوتوں نے کی جو آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔اس موقعے پر سینئر لیڈران پیر آفاق احمد، انجینئر صبیہ قادری اور غلام نبی بٹ بھی موجود تھے۔اس سے قبل پارٹی لیڈران عرفان احمد شاہ، ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، عمران نبی ڈار، احسان پردیسی بھی جنرل سکریٹری سے ملاقی ہوئے اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔