کپوارہ //نور آباد گگلوسہ پائین کپوارہ میں بجلی کا نظام انتہائی ابتر ہے جس کے نتیجے میں وہاں کی آبادی گونا گوں مشکلات سے دوچار ہے ۔مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ گائوں میں کئی سال قبل 70گھرانوں پر مشتمل آبادی کیلئے 100کے وی بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا گیا لیکن اب آبادی میں اضافہ کے ساتھ ہی یہ بجلی ٹرانسفارمر اوورلوڈ ہو جاتا ہے جس کے سبب علاقے کی آبادی کو بجلی کے بغیر رہنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیں سال بھر بجلی کی بہتر سپلائی کیلئے ترسنا پڑتا ہے ،جبکہ انہوں نے متعدد بار اس تعلق سے ا علیٰ حکام کو بھی آگاہ کیا لیکن اس جانب کوئی بھی توجہ نہیں دی جا رہی ہے اور محکمہ بجلی لیت ولعل کا مظاہر کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے انہوں نے کپوارہ میں متعلقہ محکمہ کے ذمہ داروں کواپنی مشکلات سے آگاہ کیا لیکن انہوں نے کوئی بھی سنجیدہ جواب نہیں دیا ۔علاقے کے غلام محمد لون نامی شہری نے بتایا کہ ان کی حکام سے صرف اتنی گزارش ہے کہ گائوں میں 250کے وی بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا جائے کیونکہ برسوں سے ٹرانسفارمر کی صلاحیت نہ بڑھائے جانے کے نتیجے میں وہ بے حد پریشان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گائوں کے لو گ بجلی نہ ہونے کے بغیر بھی ہر ماہ مفت میں فیس ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایک طرف حکام وادی میں بجلی سپلائی کو بہتر بنانے کے دعویٰ کر رہے ہیں، وہیں کئی گائوں دیہات ایسے ہیں جہاں پر برسوں قبل نصب کئے گے بجلی ٹرانسفارمر وں کی صلاحیت کو ہی نہیں بڑھایاجاتا ہے ۔انہوں نے گورنر انتظامیہ اور محکمہ بجلی کے چیف انجینئر سے التجا کی ہے کہ وہ اس معاملے کی جانب دھیان دے کر لوگوں کو اس مصیبت سے نجات دلائیں اور گائوں کیلئے 250کے وی بجلی ٹرانسفارمر نصب کرنے کے اقدامات کریں تاکہ انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔