قوئل بانڈی پورہ میں گلکار کام کرتے ہوئے فوت
عازم جان
بانڈی پورہ//آلوسہ بانڈی پورہ کا ایک گلکا ردل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ عبدالرشیدساکنہ آلوسہ بانڈی پورہ منگل کی صبح کام کرنے کیلئے قویل بانڈی پورہ پہنچا۔جونہی مذکورہ گلکار نے کام شروع کیاتھاکہ اْس کودل کاشدیددورہ پڑااور بے ہوش ہوکرگرپڑا ۔بیہوشی کی حالت میںمستری عبدالرشید کو اسپتال پہنچایاگیالیکن ڈاکٹروں نے اْسے وہاںمردہ قراردے دیا۔حرکت قلب بندہونے کے بعد گلکارعبدالرشیدکی میت کوجب اسپتال سے آبائی گھرواقع آلوسہ بانڈی پورہ پہنچایاگیاتووہاں کہرام مچ گیا۔اْدھربانڈی پورہ پولیس نے گلکارکی حرکت قلب بندہونے سے موت واقعہ ہونے کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
سرفرائوگنڈ میںسرکاری اراضی سے قبضہ ہٹالیا گیا
غلام نبی رینہ
کنگن// محکمہ مال نے باغ پتی سرفراؤ گنڈ میں دس کنال سرکاری اراضی کو اپنی تحویل میں لیا ہے۔ تحصیلدار گنڈ فریدالدین کھٹانہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تحصیل گنڈ کے باغ پتی سرفراؤ علاقے میں محکمہ مال نے دس کنال سرکاری اراضی پر قبضہ ہٹاکر اس کو بی ڈی سی چیئرمین کے سپرد کیا تاکہ اس سرکاری اراضی پر مقامی آبادی کے کھلاڑیوں کیلئے کھیل کا میدان قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں بھی سرکاری اراضی پر قبضہ کیا گیا ہوگا اسے محکمہ مال اپنی تحویل میں لے گا۔
ترہگام کااُستاددل کادورہ پڑنے سے فوت | شوپیان میں پٹواری باغ میں مردہ پایاگیا
اشرف چراغ
کپوارہ//ترہگام کپوارہ میں منگلوار شام کو ایک استاد دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوگیا جبکہ شوپیان میں ایک پٹواری کومیوہ باغ میں مردہ پایاگیا جبکہ بانڈی پورہ میں ایک گلکار کام کرتے ہوئے بیہوش ہوکر فوت ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق ودھیانگر ترہگام سے تعلق رکھنے والااستادظہوراحمد دار کو نمازعشاء کے بعد دل کادورہ پڑگیا۔اُسے فوری طور سب ضلع اسپتال کپوارہ پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قراردیا۔جواں سال استاد کی میت جب آبائی گائوں ترہگام پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔ شوپیان کے اگلر علاقے میں منگل کو ایک جواں سال پٹواری کی حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوگئی۔جے کے این ایس کے مطابق 33سالہ انعام الحق ساکن بلہ پورہ ،شوپیان کوپانچ کلومیٹر دورواقع علاقہ اگلر شوپیان کے ایک میوہ باغ میں بیہوش پایا گیا۔جواں سال پٹواری انعام الحق کویہاں سے بے ہوشی کی حالت میں اسپتال پہنچایاگیاتاہم اسپتال میں ڈاکٹروں نے اْسے مردہ قرار دیا۔ بتایاجاتاہے کہ انعام الحق محکمہ اریگیشن میں بحیثیت پٹواری تعینات تھا۔ادھر شوپیان پولیس نے پٹواری کی موت کے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔
انتظامیہ عوام کو درپیش مشکلات دور کرنے میں ناکام
سرینگر//نظربند انجینئررشید کی قیادت والی عوامی اتحاد پارٹی نے انتظامیہ کی طرف سے عوامی نوعیت کے مسائل کو نظرانداز کرنے پر برہمی کااظہار کیا ہے۔ایک بیان میں پارٹی نے عوام کو بنیادی سہولیات بہم نہ رکھنے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیااورکہا کہ عام کشمیریوں کی جھولی میں آسمان سے چاند اور تارے لانے والوں کے وعدے کرنے والے لوگوں کو بنیادی سہولیات بہم رکھنے میں بھی ناکام ہوئے ہیں ۔پارٹی نے کہا کہ جموں کشمیرمیں لوگوں کوبجلی،پانی ،ڈرینج سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے ۔پارٹی ترجمان شیبان عشائی نے کہا کہ لوگ انتظامیہ کی نوٹس میں اپنے مسائل لانے کیلئے سڑکوں پراحتجاج کرنے کیلئے مجبور ہورہے ہیں۔انہوں نے سٹیڈیم کالونی بارہ مولہ میں لوگوں کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتظامیہ کی ناکامی کی ایک مثال ہے۔