جموں//جموں کشمیرکے لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے بدھوار کو محکمہ جنگلات کو داچھی گام کی قومی پارک میں ’ہانگل‘کی تعداد میں اضافہ کرنے پرتوجہ مرکوزکرنے پرزوردیتے ہوئے کہا کہ اس جگہ کومحدود تعداد میں سیاحوں کیلئے کھول دینا چاہیے۔سنہا یہاں 98فارسٹ گارڈوں کی پاسنگ آوٹ پریڈ پرسلامی لے رہے تھے۔سوئل کنزرویشن اسکول جموں کے32ویں بیچ ،فارسیٹ گارڈ ٹرینگ اسکول جموں کے56ویں بیچ ،اور کشمیر فارسٹ اسکول بانڈی پورہ کے66ویں بیچ نے عالمگیر وباء کے باوجود کامیابی کے ساتھ اپناکورس مکمل کیا۔لیفٹینٹ گورنر نے محکمہ جنگلات سے کہا کہ وہ داچھی گام پارک کو ایک سیاحتی مقام کے طور بنانے کے امکانات کو تلاش کریں ،جموں میں مانسراور سرنسر جھیلوں کو تحفظ فراہم کرنے اورہرسال لاکھوں مہاجر پرندوں کے مسکن آبی ذخائر کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدام کریں ۔سنہا نے پوچھا کہ پانچ روز قبل میں نے داچھی گام کادورہ کیا،وہاں ہانگل کی تعداد کتنی ہے اور اس میں اور کتنااضافہ کیاجاسکتا ہے؟انہوں نے مزیدکہا کہ کیا ہم ایسا نظام بنا سکتے ہیں جہاں سیاح اور مقامی لوگ( ہانگل کودیکھنے)داچھی گام محدود تعدادمیں جاسکیں گے۔انہوں نے محکمہ جنگلات کو جنگلات میں رہنے والے لوگوں کے تئیں ہمدردانہ رویہ اپنانے کی تاکید کی اورکہا،’’ہم نے جموں کشمیرمیں جنگلات کے حقوق کا قانون نافذکیا ہے جو ملک بھر میں2006سے لاگو ہے لیکن جموں کشمیرمیں یہ لاگونہیں تھا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیرمیں جنگلات میں رہنے والوں کو ان کے حقوق سے اب تک محروم رکھاگیاتھا۔سنہانے کہا کہ جموں کشمیراب ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور یہ محکمہ جنگلات کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک توازن بنائے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کشمیر جسے زمین پر جنت کے نام سے جاناجاتا ہے ،کے نازک ماحول کو زک نہ پہنچے۔انہوں نے جنگلات کے ملازمین کو ’ہیرو‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جانوں کوخطرے میں ڈالدیتے ہیں تاکہ ناجائزقبضہ کرنے والے،شکاری اور لینڈ مافیا کودور رکھا جائے۔وہ جانوروں اور انسان کے درمیان تنازعہ میں اہم کردار اداکرتے ہیںاور جنگلات کی نگہبانی کرتے ہیں.۔ لیفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ان کا کام پولیس اہلکاروں جو امن وقانون کو بنائے رکھنے کے فرائض انجام دیتے ہیںیاسرھد کی حفاظت پر مامور سپاہیوں سے کم نہیں ہے۔سنہا نے کہا،’’میں آپ کی بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں اور ان لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جاں بحق ہوگئے۔انہوں نے محکمہ جنگلات کو ہر سال11ستمبر کو مارے گئے جنگلات کے اہلکاروں کی یاد میں منائے ۔اس سے قبل حکام نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران 100کے قریب محکمہ جنگلات کے اہلکار فرائض کی انجام دہی کے دوران ہلاک ہوگئے۔