منڈی//تنظیمی سیاست سے اوپر اٹھ کر عوامی مسایل کو اس وقت حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابقہ ممبر اسمبلی پونچھ اور پی ڈی پی کے سابقہ لیڈر شاہ محمد تانترے اور بلاک چیئر پرسن منڈی شمیم احمد گنائی نے منڈی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔شاہ محمد تانترے نے کہا کہ سرکار اور ضلع انتظامیہ پونچھ کو چاہیے کہ وہ تحصیل منڈی میں رکے پڑے ترقیاتی کاموں کو جلد دوبارہ شروع کرے۔ انہوں نے کہا کہ تین برس قبل سرکار کی جانب سے منڈی میں ڈگری کالج کا اعلان کیا گیا تھا مگر تب سے لیکر اب تک کالج کی عمارت کا تعمیری کا شروع نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر نے راجپورہ علاقہ میں کالج کی عمارت کے لیے جگہ کا تعین کیا تھا جو کہ ہر لحاظ سے کالج کیلئے بہتر ہے ،اسلئے جلد از جلد کالج کی عمارت کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ منڈی ڈبل لین پل،منڈی چنڈک سڑک، چنڈک پونچھ سڑک کے تعمیری کام کو بھی جلد پورا کیا جائے۔ تانترے کا کہنا تھا کہ لورن ٹنگمرگ سڑک پر تیز رفتاری سے تعمیری کام کیا جائے اور لورن میں سولر پاور پلانٹ کے کام کو بھی جلد شروع کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاحت کے اعتبار سے تحصیل منڈی کے علاقہ لورن ساوجیاں جبی طوطی میں بھی سیاحتی کام کرنے کی ضرورت ہے ۔شمیم احمد گنایی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منڈی تحصیل کی ترقی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈران کو ایک پلیٹ فارم پر آ کر کام کرنا چاہیے تاکہ علاقہ اور علاقہ کی عوام کی ترقی ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ منڈی میں جتنے بھی بی ڈی سی چیئرپرسنز اور ڈی ڈی سی ممبرس عوامی ووٹ کی وجہ سے چن کر آیے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ ایک ہو کر عوامی ترقی میں اپنا کردار نبھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مہارکوٹ سڑک کی تعمیر کے حوالے سے کچھ سیاسی لیڈران اپنی سیاست چلا رہے ہیں اور انتظامیہ کو گمراہ کر رہے ہیں ۔