ڈوڈہ //انتظامیہ کی جانب سے محکمہ سکل ڈیولپمنٹ و محکمہ روزگار و کونسلنگ مرکز کے اشتراک سے ضلع صدر مقام ڈوڈہ میں ایک روزہ روزگار میلہ کا انعقاد کیا گیا جس دوران مختلف نجی کمپنیوں میں 280 امیدواروں کی بھرتی کی گئی جبکہ 45 تعلیم یافتہ نوجوانوں کو 3.5کروڑ روپے کا کم شرح پر قرضے فراہم کئے گئے۔ایک روزہ روزگار میلے کا افتتاح ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ڈاکٹر ساگر ڈی ڈوئی فوڈے نے ڈی ڈی کونسل چیرمین دھنتر سنگھ کوشل کی موجودگی میں کیا۔اس دوران مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے اسٹالز لگاکر مرکزی معاونت والی سکیموں کی نمائش کی گئی. اس موقع پر بولتے ہوئے ڈی سی نے بے روزگار نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نجی کمپنیوں کی طرف توجہ مرکوز کریں جہاں پر روزگار کے کافی وسائل دستیاب رہتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ وہ اپنی سوچ کو تبدیل کریں اور روزگار حاصل کرنے کے بجائے روزگار دینے والوں میں سے بن جائیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی و یوٹی حکومت کی جانب سے جاری کئی فلاحی سکیموں کو ضلع میں لاگو کیا گیا ہے۔روزگار میلے کے دوران مختلف نجی کمپنیوں جن میں نیشنل ہائی وے، ایل آئی سی، ایچ ڈی ایف سی بنک، روئل انفیلڈ و دیگر غیر سرکاری اداروں میں 280 آسامیوں کو پر کیا جبکہ ڈی آئی سی و کھادی ولیج کے تحت 45 امیدواروں میں 3.5 کروڑ روپے کے قرضے فراہم کئے گئے۔