پونچھ// شہر پونچھ میں تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے عوامی شکایات اور میڈیا رپورٹ پر ایکشن لیتے ہو ئے محکمہ میونسپل کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور دیگر افسران کی ٹیم تشکیل دی ہے جنھیں تجاوزات کے خلاف کاروائی کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں جن پر عمل کرتے ہوئے پونچھ شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کر کے فٹ پاتھوں سے تمام تجاوزات ہٹائے گئے۔ اس سلسلہ میں دوسرے روز بھی افسران کا آپریشن جاری رہا اور مختلف مقامات پر غیر قانونی پارکنگ کو ہٹانے کے ساتھ ساتھ تجاوزات کو بھی ہٹا یا گیا اور خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عا ئد کئے گئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کونسل پونچھ نے بتایا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے انھیں تمام بازاروں میں فٹ پاتھوں سے غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں اور اس پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں جس پر وہ عمل پیرا ہیں۔اس دوران جمعرات کو میونسپل کونسل کی جانب سے منادی کر کے پونچھ کے صدر بازار میں دکانداروں کو دو روز کے اندر اندرا ن کی جانب سے نالیوں پر کی گئی غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانے کی اپیل کی گئی اور انھیں انتباہ دیا گیا کہ اگر انہوں نے خود تجاوزات نہ ہٹائے تو انتظامیہ کی جانب سے جے سی پی کے ذریعہ تجاوزات ہٹائے جائیں گے۔اس دوران بازار میں کچھ دکانداروں کو تجاوزات ہٹاتے ہوئے دیکھا گیا۔