سرینگر//نیشنل کانفرنس نے جامع مسجد نوہٹہ میں پولیس کے ہاتھوں صحافیوں کی مبینہ مارپیٹ اور زدوکوب کرنے کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور معاملے کی فوری تحقیقات کرکے خاطیوںکو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی ترجمان عمران نبی ڈار نے ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ برسوں کے دوران جموں و کشمیر میں پریس کی آزادی سلب کرنے کا سلسلہ ہر گزرتے وقت کے ساتھ دراز سے دراز ہوتا جارہا ہے اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو نشانہ بنانا اب روز کا معمول بن کر رہ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل سری گفوارہ میں بھی صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا اگر چہ اس معاملے کی تحقیقات اور خاطیوں کو سزا دینے کے بڑے بڑے اعلانات کئے تھے لیکن یہ اعلانات فقط اعلانات تک محدود ہوکررہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ماضی میں سری گفوارہ جیسے واقعات پر کوئی کارروائی ہوئی ہوتی تو نوہٹہ جیسے معاملات سامنے نہیں آتے۔ ترجمان نے حکومت پر زوردیا کہ ایسے مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کیلئے ٹھوس اور کارگر اقدامات کئے جائیں۔