گاندربل //شہر کے نواب بازار میں آتشزدگی کے ایک واقعے میں 6 رہائشی مکانات خاکسترہوئے ہیں جس کے سبب 7کنبوں کے 60 افرادبے گھر ہو گئے ہیں ۔عینی شاہدین کے مطابق سرینگر کے نواب بازار کے گنجان علاقہ میں دوران شب قریباً صبح کے چاربجے ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کی لپیٹ میں اس پاس کے مزید6 رہائشی مکانات بھی آگئے ۔مقامی لوگوں نے فوری طور پر محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اطلاع دی جن کی لگ بھگ 9 گاڑیاں موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے میں مصروف ہوگئیں ،تاہم گنجان علاقہ ہونے اور رہائشی مکانوں میں موجود رسوئی گیس کے سلنڈر آگ کی تپش سے دھماکے سے پھٹ جانے سے آگ پھیل گئی ۔اسی اثناء میں آس پاس کے دکانداروں اور مکینوں نے مکانوں اور دکانوں سے سامان باہر نکالنے کی کارروائی شروع کی ،تاہم محکمہ فائر سروس کے عملے ،مقامی لوگوں اورپولیس کی طرف سے کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر کسی حد تک قابو پا لیا گیا لیکن تب تک 7 رہائشی مکانات اور ان میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا مال اسباب راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔آتشزدگی کی اس تباہ کن واردات میں معراج الدین اور غلام رسول نامی دو بھائیوں کا مشترکہ مکان ،عبد المجید ڈار،نذیر احمد اور جاوید احمد ڈار تین بھائیوں کا مشترکہ رہائشی مکان، عبد القیوم خان ، توحید احمد ڈار اور منیر احمد ڈار اور محمد شفیع ڈار کا مشترکہ مکان اس واردات میں مکمل طور پر خاکستر ہو گیا ۔مقامی لوگوں کا کہنا چھ رہائشی مکانات میں رہائش پذیر 60 افراد بے سرو سامان ہوگئے۔ پولیس نے آتشزدگی کے واقعے پر کیس درج کرکے آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آتشزدگی کی اس واردات سے ہوئے نقصان کا تخمینہ لگانا ابھی ممکن نہیں ہم مکمل جائزہ لینے کے بعد ہی پوری تفصیل بتاسکتے ہیں۔اس دوران انتظامیہ کے کئی سینئر افسران نے نقصان کا جائزہ لینے کیلئے علاقے کا دورہ کیا اور متاثرین کو فوری امداد کی یقین دہانی کرائی۔
متاثرین کیساتھ نیشنل کانفرنس کا اظہارِ یکجہتی
فوری بازآبادکاری کا مطالبہ
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگرنے شہر خاص کے نواب بازار میں ہولناک آگ کی واردات میں 6رہائشی مکانوں کے خاکستر ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے اور متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ آتشزگان کی فوری بازآبادکاری کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور فی الوقت متاثرین کے قیام و طعام کا انتظام کیا جائے کیونکہ اس ہولناک واردات نے ان کنبوں کو بے سر و سامان رکھ کے چھوڑ دیا ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر و سابق سپیکر حاجی مبارک گل نے آگ کی ہولناک واردات پر صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر اور دیگر حکام سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے متاثرین کی فوری بازآبادکاری کیلئے اقدامات اٹھانے کی تاکید کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی متاثرین کے حق میں معقول مالی امداد فراہم کی جائے۔