جموں //کرائم برانچ جموں نے جمعرات کوجموں اور بڈگام میں سابق اسپیشل سکریٹری (قانون) کے گھروں پر بیک وقت تلاشی لی۔عہدیداروں نے بتایا کہ کرائم برانچ جموں کی ٹیم نے ملزم غلام محی الدین گنائی (سابق اسپیشل سکریٹری محکمہ داخلہ جے اینڈ کے) ولد عبدالسلام گنائی کی جموں اور بڈگام رہائش گاہوں پر بیک وقت تلاشی لی۔یہ تلاشی سرکاری ریکارڈ میں اپنی تاریخ پیدائش کی جعل سازی اور دوسروں کے ساتھ ملی بھگت میں ملوث ہونے کی پاداش میں کی گئی تھی اور اس کا فائدہ بھی اس نے اٹھایا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹو مجسٹریٹ اول کلاس کی موجودگی میں سینئر افسران کی سربراہی میں متعدد ٹیموں نے بیک وقت تلاشی لی۔ عہدیداروں نے مزید بتایا کہ تلاشی کے دوران دستاویزات اور متضاد مواد ضبط کرلیا گیا ہے۔اس سلسلے میں ملزم کے خلاف کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گی ہے ۔