اسلام آباد //پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کیسز میں 2 ہزار 258 کا بڑا اضافہ رپورٹ ہوا جس نے 29 جنوری کے بعد 2 ہزار کی سطح عبور کی اور مزید 53 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔اسی طرح ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 97 ہزار 497 تک جا پہنچی جس میں سے 13 ہزار 377 مریض انتقال کر چکے ہیں۔تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں ایک ہزار 276 کا اضافہ ہوا، جس کے بعد شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 66 ہزار 492 ہوگئی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس سے متعلق بیان میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10 ہزار 377 ٹیسٹ کیے گئے اور 255 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 4 اموات ہوئیں۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے صوبے میں ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 452 ہوچکی ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صحت یاب افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 52 ہزار 532 ہے اور اب تک مجموعی طور پر 31 لاکھ 16 ہزار 999 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، جن میں سے 2 لاکھ60 ہزار 660 کیسزرپورٹ ہوچکے ہیں۔