پنچایت حلقہ کنتھول گھپ اندھیرے میں
کوٹرنکہ// محمد بشارت //بلاک بدھل اولڈ اے کوٹرنکہ کی پنچایت حلقہ کنتھول کی وارڈ نمبر دو میں نصب بجلی ٹرانسفارمر پچھلے پندرہ روز سے جل جانے کی وجہ سے علاقہ کی آبادی گھپ اندھیرے میں ہے۔سماجی کارکن منظور حسین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پندرہ روزسے ٹرانسفارمرخراب پڑا ہے اور پچاس بارمحکمہ بجلی کو ٹرانسفارمر کے متعلق جانکاری دی گئی لیکن محکمہ نے ٹرانسفارمر کی مرمت کرنے کی زحمت گوارا نہیں کی ۔لوگوں نے کہا کہ اگر جلد سے جلد ٹرانسفرمر کی مرمت نہیں کی گئی تووہ احتجاج کرینگے۔
سابق زونل ایجوکیشن آفیسر حادثہ میں جاں بحق
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے علاقہ پڑاٹ سے تعلق رکھنے والے سابقہ زیڈ ای او چوہدری گلاب دین کا اس وقت انتقال ہوگیا جب وہ ایک ٹیپر کے نیچے آگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سابقہ زیڈ ای او چوہدری گلاب دین اپنے گھر کے پاس ایک ٹیپر سے بجری ڈلوارہے تھے کہ ٹیپر بجری ڈالنے کے بعد ڈرائیور نے ٹیپر کو پیچھے کیا اور وہ ٹیپر کے نیچے آگئے جن کی موقعہ پر ہی موت ہوگئی۔ موت کی خبر پھیلتے ہی گردونواح کے لوگ اور لواحقین موقعہ پر جمع ہوگئے اور نعش کو ٹیپر کے نیچے سے نکالا جس کے بعد گرسائی تھانہ سے پولیس موقعہ پر پہنچ گئی اور ٹیپر زیر نمبر JK12-7950کو تحویل میں لیکر تمام کاغذی کاروائی مکمل کرنے کے بعد نعش کو آخری رسومات کیلئے ورثاء کے حوالے کیا البتہ ڈرائیور موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش پولیس کررہی ہے۔ سابقہ زیڈ ای او کی نماز جنازہ جمعرات کو 7بجے ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔
چناب میں برف و باراں کا سلسلہ مسلسل دوسرے روز بھی جاری
عاصف بٹ
کشتواڑ//مسلسل دوسرے روز بھی کشتواڑ و ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوتی رہی جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے علاوہ تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہا جسکے سبب سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں مڑواہ، واڑون ، مچیل ، سنتھن ، مرگن ٹاپ میں دن بھر ہلکی برفباری ہوتی رہی جسکے سبب میدانی علاقوں میں دن بھر سرد ہوائیں چلتی رہی۔ مڑواہ و واڑون میں کئی انچ برف جمع ہوئی جسکے سبب مڑواہ کیلئے ہوائی جہاز کی سروس بھی متاثر رہی اور کئی لوگ ضع ہیڈکوارٹر میں درماندہ ہوکر رہ گئے۔ضلع کے میدانی علاقوں میںدن بھر ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہی جس سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا اور درجہ حرارت کی منفی ڈگری گر گیا۔ڈوڈہ میں بھی بالائی علاقوں میں برف باری اورمیدانی علاقوں میں بارشیں ہوتی رہیں۔
’لورن میں بنیادی سہولیات کا فقدان‘
پونچھ//حسین محتشم//لورن کے مضافاتی علاقوں میں لوگوں کو بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے کئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔اس سلسلہ میں جموں کشمیر انصاف موؤمنٹ کے کارکنان نے ایک میٹنگ منعقد کی۔اس موقعہ پر خطابککرتے ہوئے مومنٹ کے اہم کارکن ممتاز احمدنے کہا کہ لورن کے دور دراز گائوں بیلہ بالہ اور دیگر علاقوں میں لوگوں کو بارش وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے سے اس علاقہ کے لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
بٹھیاں زیارت پر لنگر شروع کرنے کا مطالبہ
راجوری// عوام نے ضلع راجوری کی تھنہ منڈی تحصیل میں بٹھیاں زیارت پر لنگر شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل تھنہ منڈی میں بٹھیاں میں سائین ولیداد صاحبؒ کی زیارت موجود ہے جہاں پر زائرین کی سہولت کے لئے اوقاف اسلامیہ شاہدرا شریف نے لنگر شروع کیا ہوا ہے جو کرونا وائرس کی روکتھام کے لئے بند کر دیاتھا جسکو اس وقت تک شروع نہیں کیا گیا۔ یہ لنگر گزشتہ سال مارچ مہینے میں ایڑمنسٹریٹر اوقاف اسلامیہ کے حکم کے مطابق بند کر دیا تھا۔ اس زیارت پر تحصیل تھنہ منڈی اور تحصیل منجا کوٹ کی تحصیلوں کے علاوہ دور دراز سے زائرین حاضری دیتے ہیں۔ بٹھیاں سے تعلق رکھنے والے محمد یونس نے کہا کہ لنگر بند رہنے زائرین کو مشکلات آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دیگر مقامات پر زیارتوں کے لنگر شروع کئے گئے ہیں توبٹھیاں زیارت پربھی لنگر شروع کیا جائے۔
تھنہ منڈی کار حادثے میں دو زخمی
سمت بھارگو
راجوری// تھنہ منڈی کے شاہدرہ علاقہ میں پیش آنے والے کار حادثے میں دو افراد زخمی ہوگئے جب کہ درہال چوکیاں کے علاقے میں پیش آنے والے ایک اور کار حادثے میںمتعدد افراد بال بال بچے۔ پولیس نے بتایا کہ کار حادثہ تھنہ منڈی شاہدرہ شریف روڈ پر اس وقت پیش آیا جب ایک کار سڑک کے کنارے سے لڑھک کر کھائی میں گر گئی اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کی شناخت محمد یونس ولد محمد اسلم اور اس کی اہلیہ روبینہ کوسر کے طور پر ہوئی ہے اور دونوں راجوری کے وارڈ 11 کے رہائشی ہیں۔ دوسری جانب درہال سے مقامی لوگوں نے بتایا کہ درحال چوکیاں روڈ پر چلتی ایک کار نیلی مسجد کے قریب سڑک کنارے کھیتوں میں گر گئی۔حادثہ سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے پیش آیا لیکن مسافروں کی جان بال بال بچی ۔
زچگی ہسپتال گاندھی نگر کیلئے 30 اضافی اسامیوں کی منظوری
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی صدارت میں یہاں اِنتظامی کونسل (اے سی) کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں گاندھی نگرجموں میں نئے منظور شدہ 200 بستروں پر مشتمل زچگی ہسپتال کو چلانے کے لئے اضافی 30 اَسامیوں کو اضافہ کرنے کے لئے محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کی تجویز کو منظوری دے دی۔زچگی ہسپتال کا تخمینہ50کروڑ روپے اور اس کے پاس تنظیمی درجہ بندی کے مختلف سطحو ںپر 237 ملازمین کی ابتدائی منظوری دی گئی ۔ہسپتال کے پیڈیاٹرک وِنگ کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لئے اِضا فی 30 اَسامیوں کی ضرورت ہے۔ ایک بار کام کرنے کے بعدیہ ہسپتال جموںصوبے میں زچگی سے متعلقہ سہولیات کو مستحکم کرے گا ۔ موجودہ تریٹرٹری لیول ہسپتال۔ایس ایم جی ایس ایچ پر مریضوں کے بوجھ کو کم کرے گا اور مریضوں کو معیاری زچگی ، نوزائیدہ بچوں کی بہتر طبی نگہداشت کو یقینی بنائے گا۔