لکھنؤ/یواین آئی// اوپنر لزیلی لی (ناٹ آؤٹ 132) کی شاندار سنچری کی مدد سے جنوبی افریقہ نے جمعہ کو بارش سے متاثرہ تیسرے ون ڈے میں میزبان ہندوستان کو چھ رن سے شکست دے کرپانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔اٹل بہاری واجپئی ایکانہ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہندوستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 248 رنز بنائے ۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 46.3 اوور میں چاروکٹ پر 223 رن بناچکی تھی کہ اسی وقت تیز ہواوں کے ساتھ بارش شروع ہوگئی۔ آن فیلڈ امپائرز نے کچھ دیر بارش کے تھمنے کا انتظار کیا اور بعد میں خراب روشنی اور بارش کے سبب میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس سسٹم سے ہوااور مہمان ٹیم کو چھ رنز سے کامیاب قراردے دیا گیا۔جنوبی افریقہ نے جیت کا سہرا سلامی بلے باز لزیلی کے سر باندھاجنہوں نے ایک سرا سنبھالتے ہوئے میزبان گیندبازی اٹیک کوتوڑدیا۔ انہوں نے 131 گیندوں پر دوشاندار چھکے اور 16 چوکوں کی مدد سے اپنے کیریئر کی تیسری سنچری اسکور کی۔ لزیلی نے سمجھداری کاثبوت دیتے ہوئے ان فارم تجربہ کار جھولن گوسوامی (20 رن دووکٹ) کو محتاط انداز میں کھیلا جبکہ دیگر بولروں کی بے رحمی سے پتائی کی۔ ان کے علاوہ سب سے زیادہ رنز بنانے والی مڈل آرڈر کی مگنن ڈرو پریز (37) رہیں جنہوں نے لزیلی کابخوبی ساتھ دیتے ہوئے ٹیم کو جیت کے دروازے کے قریب پہنچانے میں مددکی۔اس سے قبل ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو میچ کی دوسری ہی گیند پر پہلا جھٹکاجیمیما روڈریگز کی شکل میں لگا جب وہ شبنم اسماعیل کی گیند پر آوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئیں۔ اس کے بعد اسمرتی مندھانا (25) اور پونم راوت (77) کی ہٹ جوڑی نے ٹیم کو بحران سے نکالتے ہوئے 64 رن پر پہنچایا۔ بعد میں کپتان متالی راج (36)، ہرمنپریت کور (36) اور دیپتی شرما (36 ناٹ آوٹ) نے برابربرابر رن جمع کرکے ہندوستان کو 248 رنوں کے قابل دفاع اسکور تک پہنچادیا۔آج کے میچ میں ہار جیت کا فرق پیداکرنے میں جنوبی افریقہ کی گیندبازی اور فیلڈنگ کااہم کرداررہا، شبنم اسماعیل کی گیند اڑانے کے چکر میں ہرمنپریت کا شاندارکیچ ٹومی سیکو کھون نے لیا ۔