سری نگر//آزادی کا امرت مہااُتسو کی تقریبات کے سلسلے میں دنیا کا شہرہ آفاق جھیل ڈل میں ایک عظیم الشان شکارا ریلی نکالی گئی۔ریلی کو لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے یہاں جھیل ڈل کے کنارے واقع ایس کے آئی سی سی کے سے روانہ کیا۔زائد از 100 شکارے اِس عظیم الشان ریلی کا حصہ تھے جو بالآخر نہرو پارک میں اِختتام پذیر ہوا۔اِس موقعہ پرصوبائی کمشنر کشمیر پانڈو رانگ کے پولے ، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹرشاہد اِقبال چودھری ، وی سی لیکس اینڈ واٹر ویز اَتھارٹی ، ناظم سیاحت کشمیر ، ناظم دیہی ترقی کشمیر،ناظم تعلیم کشمیر ، کمشنر ایس ایم سی اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔شکارا ریلی میں میئر ایس ایم سی جنید عظیم متو ، ڈی ڈی سی چیئرمین ، ضلع ترقیاتی کونسلوں کے ممبران اور بڑی تعداد میں لوگوں نے بھی حصہ لیا۔بعدمیں نہرو پارک میں ایک ثقافتی تقریب کا اِنعقاد کیا گیا جس کے دوران ہندوستان کی 75 سالہ آزادی کے جشن منانے کے لئے ملک بھر میں ہونے والے پروگرام ہندوستان @ 75 کے پہلے مرحلے کے موقعہ پر متعدد ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے ۔ اِس موقعہ پر شکارامالکان اور فنکاروں میں شرکت کے اسناد بھی تقسیم کئے گئے۔