سرینگر// 2سال قبل نیشنل کانفرنس میں شامل ہوئے پی ڈی پی کے سابق وزیر سیدبشارت بخاری نے خود کوپارٹی سے الگ کردیا ہے۔بشارت بخاری نے ہاتھ سے لکھے خط میں پارٹی صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ کواپنے فیصلے سے آگاہ کیا اور ان پرزوردیا کہ وہ ان کے استعفیٰ کو منظور کریں۔بخاری نے ڈاکٹر فاروق کے نام مکتوب میںتحریر کیا،’’بصداحترام ،میں جمعہ12مارچ 2021بعددوپہر سے خود کوپارٹی(نیشنل کانفرنس) سے الگ کررہا ہوں،برائے مہربانی میرے استعفیٰ کو قبول کیاجائے‘‘۔ انہوں نے پارٹی کے نائب صدر اور عمر عبداللہ کوایک علیحدہ خط میں پارٹی سے استعفیٰ دینے کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے پارٹی میں بحیثت ممبرکے ان کے مختصر دورانیہ میںاُن کے شفقت اور پیارکے لئے شکریہ اداکیا۔انہوں نے نیشنل کانفرنس میں اپنی دوبرس ،دوماہ اور 21دنوں کے سفر کو دلچسپ قراردیا ۔عمرعبداللہ کے لئے نیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے انہوں نے امیدظاہر کی کہ جموں کشمیرکے لوگ ان کی ذہانت اور سیاسی وانتظامی تجربے سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ دوسال،دوبرس اور21دن کی مدت کابیشترحصہ(ایک سال اور تین ماہ) ان کی خانہ نظربندی میں گزرااور تین ماہ کاعرصہ کورونابیماری اوراس سے درپیش مشکلات کی نذرہوگیا لیکن میرے لئے یہ سفر واقعی دلچسپ اورسیکھنے کا عمل تھا۔آپ کابہت شکریہ۔