سرینگر//جموں و کشمیر میں محنت کشوں و روزگار سے متعلق قوانین کو تبدیل کیا گیا،جبکہ کمشنر سیکریٹری محنت و روزگار سوربھ بھگت نے کہا کہ جموں کشمیر بھارت میں پہلا مرکزی زیر انتظام خطہ ہے جہاں یہ ضوابط مرتب کئے گئے۔ محنت و روزگار محکمہ کی جانب سے سرینگر کے ’’ ایس کے آئی سی سی‘‘ میں اسسٹنٹ لیبر کمشنروں،لیبر افسراں اور لیبر انسپکٹروں کیلئے منعقدہ سمینار کے دوران محکمہ کے کمشنر سیکریٹری سوربھ بھگت نے کہا کہ پرانے لیبر قوانین اب جموں کشمیر میں استعمال نہیں ہوںگے۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر بھارت میں پہلا مرکزی زیر انتظام خطہ ہے جہاں محنت کشی سے متعلق قوانین کیلئے ضوابط مرتب کئے گئے ہیں اور وہ فی الوقت منظوری کیلئے زیر غور ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ محنت کشوں سے متعلق قوانین میں تبدیلی آچکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت کی سطح پر نئے لیبر کوڈس کا مرکب پورے بھارت میں لاگو ہونے کیلئے پیش رفت میں ہیں۔سوربھ بھگت نے افسراں پر زور دیا کہ وہ اپنے علم میں اضافہ کریں اور نئے ضوابط سے خود کو آشنا کریں۔انکا کہنا تھا کہ اسسٹنٹ لیبر کمشنروں کوان کمیٹیوں میں شامل کیا جانا چاہے،جو کہ متعلقہ اداروں اور محکمہ جات بشمول محکمہ صنعتی انجمنوں،محنت کشوں کی ایسو سی ایشنوں، ہائی کورٹ وضلع عدالتوں کی بار کونسلوں اور یونیورسٹیوں کو روشناس کرانے میں ماسٹر تربیت کاروں کی حیثیت سے کام کریںگے۔ انہوں نے تربیت کاروںکو بین الضلعی نقل و حرکت اور مہارت حاصل کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ سوربھ بھگت نے کہا کہ جموں کشمیر میں بیرون ریاستوں سے آنے والے تمام مزدورں کو رجسٹر کیا جائے گا، جبکہ محکمہ لیبر استفادہ حاصل کرنے والی اسکیموں سے متعلق اطلاعات و معلومات کی تقسیم کاری کا واحد ذریعہ ہوگا۔ کمشنر سیکریٹری محنت و روزگار نے وہاں پر موجود افسراں پر زور دیا کہ وہ بہ یک وقت مزدوروں کی آن لائن و آف لائن رجسٹریشن کی حوصلہ شکنی کریں۔انہوں نے افسراں کو ہدایت دی کہ یکم اپریل سے کسی بھی طرح کی آف لائن رجسٹریشن سے گریز کریں۔سوربھ بھگت نے افسراں کو تاکید کی کہ وہ دستاویزات اور طریقہ کار کو ڈیجٹل کریں،جبکہ انہیں مطلع کیا کہ3لاکھ رجسٹریشنوں کے ہدف کو معیاد بند وقت کے دوران پورا کیا جائے۔ انہوں نے اسسٹنٹ لیبر کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ بلاک دیوس پروگراموں میں شرکت کریں،تاکہ آن لائن راجسٹریشن کی جاسکے اور کوئی بھی معاملہ التواء میں نہ رہیں۔ اس موقعہ پر لیبر کمشنر عبدارشید وار نے افسراں پر زور دیا کہ وہ زمینی سطح پر اپنی ذمہ داریوں کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے افسراں کو کسی بھی غفلت شعاری کا مظاہرہ کرنے پرمتنبہ کرتے ہوئے کہا کہ افسراں کی کارکردگیوں پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے افسراں کو ہدایت دی کہ وہ 3دنوں سے زائد عرصے تک اپنے پاس فائلیں نہ رکھیں۔اس دوران اسسٹنٹ کمشنروں نے پائور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کرتے ہوئے آئی آر کوڈ2019، لائسنس و راجسٹریشن،ملازم و مالکوں کے حقوق و ذمہ داریوں،خواتین ملازمین کے خصوصی معاملات، جرائم و جرمانہ اور دیگر امور پر خصوصی روشنی ڈالی۔ سمینار میں ڈپٹی لیبر کمشنر احمد حسین بٹ،ڈپٹی لیبر کمشنر سینٹر عبدالستار اور دیگر افسراں نے بھی شرکت کی۔