سرینگر// جنگلاتی اراضی کی حد بندی کیلئے تجاویز پیش کئے جانے کے10برس بعد بھی ، حکومت نے ابھی تک جموں کشمیرمیں اس منصوبے پر عمل درآمد نہیں کیا ہے۔2011 میں ، حکومت نے سرینگر میں واقع داچھی گام نیشنل پارک سمیت جنگلاتی زمین کی حد بندی کی تجویز پیش کی ہے۔ ریاست میں متعدد جگہوں پر جنگل کی زمین کے ارد گرد مصنوعی حدود کی نشاندہی کی گئی ہے، تاہم جنگل کا آدھا حصہ بغیر کسی حد بندی کے کھلا ہوا ہے۔‘‘دنیا بھر میں21مارچ کو جنگلات کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔2021 کے جنگلات کے عالمی دن کا موضوع’’جنگلات کی بحالی، فلاح و بہبود کا راستہ ہے۔‘حکومت نے داچھی گام نیشنل پارک کی حد بندی کے لئے ایک تجویز پیش کی تھی ، جو 141 مربع کلومیٹر پر پھیلی ہوئی ہے، تاہم ، ابھی تک حکام نے اس کے علاقے کی نشاندہی نہیں کی ہے۔یہ شمال میں دارا بلاک ، سندھ جنگلات ڈویژن ، اویرا جنگلی جانوروں کی پناہ گاہ اور جنوب میں چشمہ شاہی جنگلات ، کھنموہ،کھریو جنگلات ، ،نارستان اور اور زورستان کے جنگلات سے وابستہ ہے۔اس کی سرحدیں مشرق میں مارسار جھیل تک اور مغرب میں ہارون کے آبی ذخائر اور زبرون جنگلات تک پھیلی ہوئی ہیں۔یہ صرف کاغذات پر ظاہر ہوتا ہے کہ دا چھی گام 141 مربع کلومیٹر تک پھیلا ہے ، لیکن حکام اس علاقے کی شناخت کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ یہاں تک کہ اس کی مناسب حد بندی کے لئے بھی سالوں پہلے ایک تجویز مرتب کی گئی تھی ، جسے نامعلوم وجوہات کی بناء پر سرد خانے کی نذر کردیا گیا ہے۔محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ اس کی حدود کی مصنوعی حد بندی کچھ جگہوں پر کی گئی ہے اور شہری آبادی بھی اس کے علاقے میں متعدد مقامات پر مقیم ہے ، جس سے جنگلی جانوروں کی نسل کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ ذرائع نے بتایا’’ حدود اور تاربندی کی عدم موجودگی سے داچھی گام وائلڈ لائف پارک کے بالائی حصے میں چراگاہیں موجود ہیں جہاں پالتو جانور جاتے ہیں۔