سرینگر//حکام نے بدھ کو بتایا کہ سرینگر۔جموں شاہراہ پر خراب موسم کے باعث متعدد مقامات پر رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں جن کی وجہ سے اس شاہراہ پر گاڑیوں کی نقل و حمل آج بھی ممکن نہیں ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق شاہراہ پر کم و بیش چودہ مقامات ایسے ہیں جہاں یا تو پسیاں گر آئی ہیں، پتھر کھسک رہے ہیں یا سڑک ڈھ گئی ہے ۔
مذکورہ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سب مسلسل خراب موسم کی وجہ سے ہوا ہے کیونکہ گذشتہ کم و بیش تین روز سے شاہراہ پر زور دار بارشیں ہورہی ہیں۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق موسم لگاتار خراب ہے جس کے دوران شاہراہ پر بانہال اور جواہر ٹنل کے علاقوں میں پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی ہے جبکہ نچلے علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق مسلسل خراب موسم کے باعث شاہراہ پر گاڑیوں کا چلنا خطرے سے خالی نہیں ہے کیونکہ کئی مقامات پر پسیاں بھی گر آئی ہیں اور پھسلن بھی پیدا ہوئی ہے۔