سرینگر// ٹریفک پولیس نے آٹو رکھشا ڈرائیوروں کو7اپریل تک میٹر نصب کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد خلاف ورزی کے مرتکب ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایس ایس پی ٹریفک پولیس جاوید احمد کول نے بدھ کو آٹو رکھشا ڈرائیوروں کے نمائندوں کو طلب کیا اور انہیں ہدایت دی کہ وہ7اپریل تک اپنے آٹوئوں میں میٹرنصب کریں۔معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ میں آل کشمیر آٹو ڈرائیورس ایسو سی ایشن کے صدر فیاض احمد کمہار اور جنرل سیکریٹری فیاض احمد شیخ کے علاوہ دیگر انجمنوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی،جس کے دوران انہوں نے بھی اپنے مسائل سے ایس ایس پی ٹریفک کو آگاہ کیا۔ اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آٹو ڈرائیور میکنیکل ڈیجٹل میٹر وں کا استعمال نہیں کرتے اور آٹو رکھشائوں میں7اپریل2021تک ڈیجٹل میٹروں کو نصب کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ جو ڈرائیور اپنے آٹو رکھشائوں میں میٹر نصب کرنے میں ناکام ہونگے انکے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایس ایس پی ٹریفک سرینگر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ آٹو رکھشا ڈرائیوروں کو میٹروں کے حساب سے ادائیگی کریں۔انہوں نے کہا کہ عوام کسی بھی شکایت کے حوالے سے ٹریفک پولیس کنٹرول روم سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔ آل کشمیر آٹو رکھشا ڈرائیورس ایسو سی ایشن کے صدر فیاض احمد کمہار نے میٹنگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ٹریفک پولیس کو کچھ روز کی مہلت مانگی ہے۔انکا کہنا تھا کہ قریب60فیصد آٹو رکھشائوں میں میٹر نصب ہیں تاہم کچھ میں فنی خرابیاں پیدا ہوئی ہیں،جن کی مرمت کیلئے وقت درکار ہوگا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے 19مارچ کو ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس میںآٹو رکھشائوں کی کرائیوں میں بھی19فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق مسافر بردار آٹو رکھشاوں میں پہلے دو کلو میٹروں تک کا کرایہ جہاں33روپے تھا وہی اس میں6.27 روپے کا اضافہ کرکے39روپے کیا گیا ہے۔2کلو میٹروں کے بعد فی کلو میٹر کرایہ کو14روپے سے بڑا کر17روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں 25کلو گرام تک سامان میں کوئی بھی کرایہ ادا نہیں کرنا ہوگا۔