سرینگر// نیشنل کانفرنس لوگوں کے ناگفتہ بہہ حالت پر تشویش کا اظہار اور عوامی مسائل و مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کرتی آرہی ہے اور اس بات کی وکالت کرتی ہے کہ یہاں کے عوام کو راحت پہنچانے کیلئے ٹھوس اور کارگر اقدامات اُٹھائے جائیں۔ ان باتوں کا اظہار پارٹی کے صوبائی صدر و سابق وزیر ناصر اسلم وانی نے کل پارٹی ہیڈکوارٹر پر حلقہ انتخاب امیرا کدل کے عہدیداروں اور کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر صوبائی یوتھ صدر سلمان علی ساگر، خواتین ونگ کی صوبائی صدر انجینئر صبیہ قادری، اقلیتی سیل کے آرگنائزر جگدیش سنگھ آزاد، بلاک صدر حاجی محمد رفیق الائی، یوتھ اور خواتین ونگ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل و مشکلات کے علاوہ پیٹرول، ڈیزل ، رسوئی گیس، راشن اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ، بجلی فیس میں بڑھوتری، سڑکوں اور گلی کوچوں کی ناگفتہ صورتحال ، حالیہ بارشوں سے گلی کوچوں کے پانی جمع ہونے جیسے مسائل اُجاگر کئے۔ اس کے علاوہ شرکاء نے اجلاس کو تنظیمی امورات، پارٹی سرگرمیوں اور جاری ممبرشپ مہم کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ ناصر نے کہا کہ لوگوں کا کوئی پُرسان ِ حال ہی نہیں۔حکمران تعمیر و ترقی، امن وسلامتی اور خوش و خوشحالی کے دعوے تو کررہی ہے لیکن زمینی سطح پر حالات ان دعوئوں کے عین برعکس ہیں۔ اقتصادی اور معیشی بدحالی،بے روزگاری ،مہنگائی اور تعمیر و ترقی کے فقدان نے جموں و کشمیر کو دہائیوں پیچھے دھکیل دیا ہے۔ انہوں کہا کہ دوہرے لاک ڈائون اور اب حد سے زیادہ مہنگائی نے لوگوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے پارٹی سے وابستہ افراد پر ممبرشپ مہم میں تیزی اور گھر گھر لے جانے کیلئے زور دیا اور ہدایت کی کہ پارٹی کو مقدم سمجھ کر ربط و ضبط کا خاص خیال رکھیں۔