سرینگر// زبرون کی پہاڑیوں کے دامن میں واقع لاکھوں درآمدی پھولوں کے انتہائی دلکش و خوبرئو مسکن، باغِ گل لالہ فی الوقت سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔گذشتہ5روز کے دوران 34306 سیلانیوں نے ٹولپ گارڈن کی سیر کی اور خوبصورت مناظر سے لطف اندوزہوئے ۔ یہ براعظم ایشیا کا سب سے بڑا ٹولپ باغ ہے جو تقریبا 30 ہیکٹر سے زائد اراضی پر پھیلا ہوا ہے ۔رواں سال اس باغ میں ٹیولپ کے علاوہ مختلف پھولوں کی 64 اقسام لگائے گئے ہیں جو اس باغ کی خوبصورتی میں چار چاند لگائے ہوئے ہیں۔ ٹیولپ گارڈن کو 25 مارچ کو سیلانیوں کے لئے کھول دیا گیا ہے اور اب تک ہزاروں کی تعداد میں روزانہ مقامی وغیر مقامی سیاح ٹیولپ گارڈن کے خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔25مارچ سے29مارچ یعنی5روز میں 34306 سیلانیوں نے گل لالہ باغ کی سیر کی تاہم ہر روزبیلورڈ پر ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے ہزاروں افراد ٹیولپ گارڈن کو دیکھے بغیر مایوس ہوکر واپس چلے جاتے ہیں۔ اتوار کو بھی بیلورڈ سڑک پر ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے کو ملے اورہزاروں کی تعداد میں مقامی سیاح ٹریفک جام میں پھنسے رہنے کے بعد واپس جانے کے لئے مجبور ہوگئے۔متعدد مقامی سیلانیوں نے بتایا کہ محکمہ ٹریفک کی لاپرواہی اور غیر ذمہ داری کی بدولت گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے ہونے کے سبب لوگ مایوس ہوکر چلے جاتے ہیں۔