سرینگر//فوری طور پر عوامی خدمات کی فراہمی کی سمت ایک اہم قدم کے طور پرڈرگ اینڈفوڈ کنٹرول آرگنائزیشن (ڈی اینڈ ایف سی او) سرینگر نے کل عیدگاہ اور شالیمار علاقوں میں لائسنس اور رجسٹریشن میلوں کا انعقاد کیا۔ان میلوں کے دوران مستحق افراد کو موقع پر ہی 309 رجسٹریشن عمل میں لائی گئی اور 25 لائسنس جاری کیے گئے۔ محکمہ کی طرف سے لائسنس / رجسٹریشن کے سرٹیفکیٹ کے اجراء کے عمل کو آسان بنا دیا گیا ہے اور فوڈ بزنس آپریٹروں کی مزید ضروری رہنمائی کے لئے ویب سائٹ FoSCos.fssai.gov.in تک رسائی حاصل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ، شکیل الرحمٰن نے کہا کہ اگرچہ ایک طرف لائسنس اوررجسٹریشن کا اجرا آسان بنا دیا گیا ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ صحت اور اشیائے خوردونوش کے معیار پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی سرینگر نے سٹریٹ فوڈ فروشوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ کھانے پینے کی چیزوںکو دھوے اور دھول سے دوچار نہ رکھیں بصورت دیگر ان کے خلاف فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔