بانہال // ایک ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد تحصیل انتظامیہ بانہال نے ایک قصاب کی دکان سربمہر کی اور اسے پولیس نے حراست میں لیا ۔ اس ویڈیو میں ایک قصاب کو صاف و صفائی اور حفظانِ صحت کو بلائے طاق رکھکر گوشت کو قصبہ بانہال کے عقب میں گندے پانی میں صاف کرتے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تحصیلدار بانہال شیخ جاوید نے کاروائی کرتے ہوئے میٹ کی دکان کو سربمہر کیا ہے اور مزید قانونی کاروائی کیلئے قصاب کو پولیس حراست میں دیا گیا ہے۔ انہوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کاروائی کی گئی ہے اور قصاب کو گندے پانی میں گوشت کو صاف کرنے کی پاداش میں مزید قانونی کاروائی کیلئے پولیس حراست میں دیا گیا ہے اور قصبہ بانہال میں مرکزی جامع مسجد کے پاس اس کی دکان کو میونسپل کمیٹی نے سربمہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصاب کے خلاف ضابطے کی مزید کارروائی کیلئے پولیس کو لکھا گیا ہے۔