سرینگر//لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے زینہ کوٹ اور شالٹینگ صنعتی اسٹیٹس کا دورہ کیا ۔ جہاں انہوں نے انفراسٹریکچر کی صورتحال اور یونٹ ہولڈرز کو دستیاب سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ مشیر نے دونوں صنعتی اسٹیٹس ( آئی ای ) کا معائینہ کیا اور یونٹ ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کی ۔ یونٹ ہولڈرز نے اپنے مطالبات اور مسائل سے مشیر کو آگاہ کیا اور اُن کو جلد حل کرنے کی مانگ کی ۔ مشیر نے ڈائریکٹر انڈسٹریز کو موقع پر ہدایات دیں کہ وہ صنعتی اسٹیٹس کی ضروریات اور یونٹ ہولڈروں کو درپیش مسائل کے بارے میں ایک تفصیلی تجویز پیش کریں ۔ مشیر نے کہا کہ اندرونی سڑکوں ، باڑ لگانے ، بجلی اور پانی کی بہتر سپلائی کو یقینی بنانا محکمہ کی اولین ترجیحی ہونی چاہئیے تا کہ یونٹ ہولڈروں کو بنیادی سہولیات دستیاب رکھی جا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں صنعتی اسٹیٹس کو صنعت دوست بنانے کیلئے یونٹ ہولڈروں کو بجلی کی مستقل فراہمی ، مناسب طبی سہولیات ، اے ٹی ایم اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ای زینہ کوٹ کی صلاحیت کو بڑھاوا دینے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ مختلف یونٹوں کے کام کاج کے بارے میں مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ زینہ کوٹ میں موجودہ یونٹوں کی کُل تعداد 234 ہے جن میں سے 148 باضابطہ طور پر رجسٹرڈ ہیں اور اس وقت کام کاج کر رہے ہیں ۔ مشیر نے ڈائریکٹر انڈسٹریز اینڈ کامرس سے کہا کہ وہ ناکارہ یونٹوں کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کریں تا کہ ان کو چالو کرنے کیلئے جامع اقدامات اٹھائے جا سکیں جس سے روز گار کے مواقعے دستیاب ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ زینہ کوٹ آئی ای آئی ٹی سیکٹر کیلئے ایک مثالی مقام ہے جہاں روز گار پیدا کرنے کی بڑی صلاحیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹریکچر ڈیولپمنٹ اور ناکارہ یونٹوں کی بحالی سے ممکنہ طور پر استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ مشیر نے غیر قانونی طور پر تجاوزات والی زمینوں کی بازیافت کیلئے سخت احکامات جاری کئے اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ صنعتی اسٹیٹ سے وابستہ اراضی کا نقشہ تیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی اسٹیٹ کی غیر قانونی طور تجاوزات والی زمین کو دوبارہ حاصل کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ کے ساتھ مل کر فوری طور حتمی اقدامات اٹھائے جائیں ۔ دریں اثنا مشیر نے مرکز میں خام مال کی فراہمی اور ذخیرہ کرنے کی گنجائش کا بھی جائیزہ لیا ۔ اس سے قبل ڈائریکٹر آئی اینڈ سی نے مشیر کو آئی ای اور تجاوزات والے علاقے کے ساتھ دستیاب لینڈ بنک کے بارے میں جانکاری دی ۔ اس کے علاوہ بجلی کی فراہمی اور سڑکوں کی موجودہ حالت کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔ مشیر نے دونوں آئی ای میں مختلف یونٹوں کے کام کاج کا معائینہ کیا اور یونٹ ہولڈروں سے بات چیت کی ۔ دورے کے دوران صدر ایف سی آئی کے نے یونٹ ہولڈروں کو درپیش مسائل سے مشیر کو آگاہ کیا اور ان کے جلد ازالے کا مطالبہ کیا ۔