سرینگر//28 مارچ کو شہرخاص میں واقع بادام واری باغ میں ہنگامہ آرائی کے سلسلے میں پولیس نے 20نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے باضابطہ تحقیقات شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق.28مارچ کومحکمہ سیاست کی جانب سے بادام واری میں موسیقی کے پروگرام کا اہتمام کیا تھا۔جس سے لطف اندوز ہونے کے لئے لوگوں کی کثیرتعداد موجود تھی جس کے دوران کچھ شرپسند نوجوانوں نے ہنگامہ آرائی شروع کردی۔پولیس بیان کے مطابق محفل موسیقی کے دوران جب بڑی تعدادمیں لوگ بشمول خواتین اوربچے گانے سن رہے تھے تواس دوران شرپسند نوجوانوں کے ایک گروپ نے فنکاروں سے اپنے پسند کے گیت گانے کوکہا،تاہم جب فنکاروں نے حاضرین میں موجودایک نوجوان کی مانگ پوری نہیں کی توشرپسند افرادنے اسی بہانے بادام واری باغ میں ہنگامہ آرائی شروع کی جس کی وجہ سے محفل بکھرگئی اوریہاں موجودلوگوں میں کھل بھلی مچ گئی۔پولیس ترجمان نے بتایاکہ پارک میں موجودپولیس اہلکاروں نے اس موقع پر صبروتحمل سے کام لیاتاکہ کسی عام شہری کوکوئی تکلیف نہ پہنچے۔ترجمان کے مطابق بادام وار میں ہوئی اس ہنگامہ آرائی کے سلسلے میں پولیس تھانہ رعناواری میں ایک کیس زیرنمبر11/2021درج کرکے اس واقعے کی تحقیقات کے دوران20نوجوانوں کوبلاوجہ ہنگامہ آرائی کرنے میں ملوث پایاگیا جن کی شناخت مختلف موبائل ویڈیوکلپس کے ذریعے کی گئی۔پولیس ترجمان نے بتایاکہ سبھی 20 نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور واقعے کی مزیدتحقیقات جاری ہے۔