سرینگر //جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ المدنی نے کہا ہے کہ کرب زدہ انسانیت کی صلاح و فلاح ترجیحات ہیں۔ جمعیت منزل سرینگر میں ایک نشست منعقد ہوئی جس میں یونین ٹیریٹری جموں وکشمیر سے آئے ہوئے جمعیت کے صدور و نظمائِ اضلاع کے علاوہ ضلع سرینگر کے صدور حلقہ جات نے شرکت کی۔ انہوںنے کہاکہ ’ہم ظلمت ِ شب میں علم و دانش کی شمعیں روشن کررہے ہیں ، کائنات ِ ارضی آج بھی اسلام کے حیات آفرین پیام کو اپنائے تو قرار و سکون سے سرشار ہوسکتی ہے‘۔ پروفیسر غلا م محمد بٹ نے کہا کہ شہر ِ قرآن کی آمد آمد ہے جہاں ہم اس کے لمحہ لمحہ برسنے والی رحمتوں سے مستفید ہوں ، خشوع و خضوع کے ساتھ دعاؤں و مناجات میں مصروف رہیں وہاں ہم اس کے پیام ِ انفاق و ایثار کے درس ِ زریں پر عمل پیرائی یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ جمعیت کے سارے تدریسی ، تعلیمی و تعمیراتی و فلاحی منصوبے امت مسلمہ کے بے پناہ مالی تعاون کی بنیاد پر ہی تکمیل کے مراحل طے پاتے ہیں اور صدقات و زکوٰۃ ہی ہمارے اگلے اہداف کا تعین کرتے ہیں، اس لئے میں جمعیت کے اُوپر سے لے کر نیچے تک کے ہر کارکن سے بطور خاص اپیل کرتا ہوں کہ وہ رمضان المبارک کے دوران حسب سابق حصول زکوٰۃ و صدقات کے کام میں جٹ جائیں ۔ انہوں نے یوٹی بھر میں جمعیت کی سرگرمیوں کا خلاصہ کرتے ہوئے کہا کہ وادی کے اطراف و اکناف کے ساتھ ساتھ جمعیت جموں خطہ کے ہر ضلع میں بھی تبلیغ و تدریس و تعمیر کے شعبہ جات سرگرم ِ عمل ہیں اور سارا کام بحمداللہ لائق تحسین ہے۔ جمعیت کے نائب صدرڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے بھی جمعیت کے تعلیمی و فلاحی منصوبوں پر سیر حاصل گفتگو کرنے کے ساتھ ساتھ ملت سے وابستہ ہر شخص کو اس تعلق سے اپنی ذمہ داریاں نبھانے اور زکوٰۃ و صدقات سے نئے خاکوں میں رنگ بھرنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے کورونا وبا کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے آغاز سے ہی جمعیت نے جو لائحہ عمل ترتیب دیا الحمد اللہ اس کی ہر جانب سے پذیرائی ہوئی اور آج جب اس کی ایک اور لہر شدید طور انسانیت پر حملہ زن ہے ۔ہمیں کسی بھی طور لاپرواہی اور کوتاہی نہیں برتنی چاہیے بلکہ حفظان صحت کے ہر اصول پر عمل پیرا ہوکر ایک اچھے اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت فراہم کرنا چاہیے نشست میں مرکزی ، ضلعی اور حلقہ ذمہ داروں نے بھی اپنی جاندار آراء سے نوازتے ہوئے بصیرت افروز خیالات کا اظہار کیا ۔