پُونچھ//تحصیل منڈی کے ساوجیاں کے گورنمنٹ مڈل سکول کی عمارت ایک بوسیدہ پیڑ کی زد میں ہے۔اس سلسلہ میں مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کے افسران سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پیڑ کو جلد سے جلد کاٹ دیں تاکہ اس کی وجہ سے عمارت اور سکول میں زیر تعلیم طلباء کو کوئی نقصان نہ پہنچے، سیاسی و سماجی کارکن تنویر تانترے نے کشمیر عظمی سے اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مڈل سکول کی عمارت ایک چالیس فٹ چیڑ کے پیڑ کی زد میں ہے جسے اگر فوری نہ کاٹا گیا تو وہ کسی بڑے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی لوگ جن کے بچے اس اسکول میں زیر تعلیم ہے وہ ہر وقت فکر مند رہتے ہیں کہ کہیں وہ پیڑ عمارت پر گر کر ان کے بچوں کو نقصان نہ پہنچائے۔انہوں نے کہا کہ اسکول کے اساتذہ کو اس سلسلہ میں بار ہا متوجہ کرنے کے باوجود کوئی کاروائی نہ کی گئی۔انہوں نے چیف ایجوکیشن افسر پونچھ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے اس خطرناک پیڑ کو جلد سے جلد کاٹنے کی اپیل کی۔