نئی دہلی// مغربی بنگال ، آسام ، تمل ناڈو ، کیرالہ اور پڈوچیری میں آج ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ان ریاستوں میں انتخابی مہم اتوار کی شام روک دی گئی تھی۔بنگال میں ، تیسرے مرحلے کے لئے 31 اسمبلی سیٹوں کے لئے ووٹنگ ہوگی۔ آسام میں تیسرے اور آخری مرحلے کے لئے 40 اسمبلی سیٹوں پر پولنگ ہوگی۔6 اپریل کو تمل ناڈو کی 232 ، کیرالہ کی 140 سیٹوں اور پڈوچیری کی 30 سیٹوں کے لئے بھی انتخابات ہوں گے ۔ تینوں ریاستوں میں ایک مرحلے میں ووٹنگ ہوگی جبکہ بنگال میں آٹھ مرحلے ہوں گے اور آسام میں تیسرا اور آخری مرحلہ ہوگا۔بنگال اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ہاوڑہ ، ہوگلی اور جنوبی 24 پرگنا کے تین اضلاع میں 31 سیٹوں کے لئے کل 205 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان سیٹوں کے لئے پولنگ منگل کی صبح سے شروع ہوگی۔ اس مرحلے کے لئے نوٹیفکیشن گذشتہ 12 مارچ کو جاری کی گئی تھی۔ تیسرے مرحلے میں پولنگ کے جنوبی 24 پرگنا کی 16 سیٹیں ، ہوگلی میں آٹھ اور ہاوڑہ میں سات سیٹیں شامل ہیں۔بنگال میں گذشتہ اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس نے ان 31 میں سے 30 سیٹیں جیتی تھیں۔ کانگریس نے صرف عامتا سیٹ پر کامیابی حاصل کی حالانکہ اس بار مقابلہ سخت ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ترنمول کی ایک بڑی حریف کے طور پر سامنے آئی ہے ۔ تیسرے مرحلے میں کل 7852425 رائے دہندگان 10871 بوتھس پر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔