بارہمولہ// لور جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ مارچ کے مہینے سے 100 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہا ہے۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ پاور پروجیکٹ کی صلاحیت 105میگاواٹ ہے لیکن دریائے جہلم میں نومبر سے فروری تک پانی کی سطح بہت کم ہونے سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت نہ ہونے کے برابر رہ جاتی ہے اور یہ پاور ہاوس اپنی صلاحیت کو بروئے کار لانے میں پیچھے رہ جاتا ہے۔فروری کے وسط سے پروجیکٹ میں بجلی پیدا کرنے کی روزانہ کی صلاحیت میں اضافہ ہوجاتا ہے اور 40 سے 50 میگا واٹ بجلی حاصل ہوتی ہے۔ تاہم رواں برس لگاتار بارشوں کے بعد لور جہلم پاور ہاوس 100 میگا واٹ بجلی پیدا کررہا ہے اور مارچ سے بجلی کی روزانہ صلاحیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ایگزیکٹو انجینئر ایل جے ایچ پی جاوید احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس وقت یہ پروجیکٹ 98 سے 100 میگا واٹ بجلی پیدا کررہاہے اور اس میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے جہلم میں پانی کی سطح بڑ ھ گئی ہے جس کی وجہ سے پاور پروجیکٹ کے لئے درکار پانی دستیاب ہورہا ہے۔لور جہلم پاور پروجیکٹ بارہمولہ کے بونیار اوڑی علاقے میں واقع ہے اور اس کی گنجائش 105 میگا واٹ ہے ، اس میں تین جنریشن یونٹ ہیں جن میں سے ہر ایک 35 میگا واٹ کی صلاحیت کا ہے اور یہ بجلی صرف جموں و کشمیر میں ہی استعمال کی جارہی ہے۔