ڈوڈہ //ڈوڈہ کے نامور ادیب، قلمکار و شاعر اللہ ریکھا عرف عاصم فریدی مختصر علالت کے بعد انتقال ہو گیا۔ وہ 72 برس کے تھے۔ مرحوم کا تعلق قصبہ ڈوڈہ کے اکرم آباد سے تھا اور وہیں پر جمعرات کو وفات پا گئے۔ عاصم فریدی کا شمار خطہ چناب کے نامور شعراء میں کیا جاتا تھا جبکہ ادب سے بھی ان کا گہرا تعلق تھا۔ مرحوم نے نوے کی دہائی میں کئی فلمیں و ڈرامے بھی لکھے ہیں اور متعدد بار کل ہند مشاعروں میں شریک ہو کر خطہ کی ترجمانی کی ہے۔ عاصم فریدی محکمہ اطلاعات و نشریات سے بطور انفارمیشن آفیسر سبکدوش ہوئے تھے۔ان کی نماز جنازہ بعد نماز عصر اپنے آبائی قصبہ میں پڑھائی گئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کرکے پرنم آنکھوں سے سپرد خاک کیا۔ انہوں کی وفات پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ اپنے الگ الگ تعزیتی پیغام میں سماجی کارکن و قلمکار اشتیاق احمد دیو،معروف شاعر و ادیب سعداللہ شاد فرید آبادی،مشتاق فریدی، لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن کے بزرگ رہنما غلام حسن پانپوری، ایڈووکیٹ احسان بابر، سینئر صحافی نصیر احمد کھوڑا، ڈائریکٹر چناب ٹی وی سید ریاض اندرابی، ایڈووکیٹ محمد اکبر کچلو، محمد سلیم ٹھکر،سینئر صحافی و سماجی کارکن حق نواز نہرو، این ایچ ایم یونین کے سابق صدر فیضان ترمبو نے مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی ہے۔