کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے مختلف سرکاری دفاتر میں وقت کی پابندی کو یقینی بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنر کشتواڑ اشوک شرما نے ضلع بھر میں مختلف سرکاری دفاتر کا معائنہ کرنے کے لئے تحصیل اور سب ڈویژن سطح پر مختلف ٹیمیں تشکیل دیں۔ ضلع بھر میں مختلف ٹیموں کے ذریعہ کئے گئے معائنے کے دوران 242 ملازمین غیر حاضر پائے گئے جبکہ اس کے علاوہ 11 دفاتر بھی بند پائے گئے۔ خاطی افسران / عہدیداروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے تمام غیر حاضر ملازمین کی تنخواہوں کو روکنے کے علاوہ متعلقہ کنٹرولنگ آفیسر کو حکم دیا کہ وہ متعلقہ غیر حاضر ملازم سے ہفتے کے اوقات میں وضاحت طلب کریں تاکہ خاطی افسران کے خلاف آئندہ کارروائی شروع کی جاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمین کی پابندیوں اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ایسی کاروائی ضلع میں آئندہ بھی چلائی جائیں گی۔