جموں// جموں میں منگل کو ہند پاک بین الاقوامی سرحد پر بی ایس ایف نے ایک پاکستانی شہری کو دراندازی کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ پاکستانی شہری کی شناخت شبیر کے بطور ہوئی ہے اور وہ جموں کے آر ایس پورہ میںستون نمبر942 کے نزدیک اس پار دراندازی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ سرحدی حفاظتی فورس کے ایک افسر نے کہا’’ یہ شہری خار دارتار کو پار کرنے کی زبردست کوشش کر رہا تھا،اور اس کو متنبہ کیا گیا کہ وہ رک جائے،تاہم اس نے کوئی بھی توجہ نہیں دی،جس کے بعد اس پر گولی چلائی گئی،جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہری نے بھورے رنگ کے کپڑے پہنے تھے اور اس کی عمر قریب40سال کی ہوگی،جبکہ اس کا قد قریب165سینٹی میٹر کا ہوگا۔ مذکورہ افسر کے مطابق بعد میں اس پاکستانی شہری کو پولیس کے سپرد کیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ ابتدائی پوچھ تاچھ کے دوران اس نے بتایا کہ اس کی عمر40برس کی ہے اور اس کے والد کا نام یوسف ہے۔