سری نگر// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے زکورہ سلک پارک اور زکورہ صنعتی بستی کا دورہ کر کے وہاں بنیادی ڈھانچے کی صورتحال ، مینو فیکچرنگ یونٹوں کے کام کاج اور یونٹ ہولڈوروں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔مشیر موصوف نے مختلف یونٹوں کا چکر لگا کر معائینہ کیا جن میں اون کی کتائی ، اون کی بنائی ، کپاس اور سلک پاور لومز ، واٹر ٹینک بنانے والی فیکٹری اور ہارڈ ویئر تیار کرنے والے یونٹ شامل تھے ۔ یونٹ ہولڈروں سے تبادلہ خیال کے دوران یونٹ ہولڈروں نے اَپنے معاملات اور مطالبات اُن کے گوش گزار کئے جن پر فوری توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔اِس موقعہ پر مشیر موصوف نے ہدایت دی کہ انڈسٹریزمحکمہ صنعتی اسٹیٹس کی ضروریات اور یونٹ ہولڈروں کے مطالبات کی ایک تفصیلی تجویز پیش کریں۔ اُنہوں نے کہاکہ بلاتعطل بجلی کیلئے علیحدہ فیڈر کے ساتھ بجلی کی فراہمی کو اَپ گریڈیشن فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نکاسی آب کا نظام ، گیسٹ ہاؤس اور ڈسپنسری کے ساتھ ساتھ دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھی ترجیحی بنیادوں پر تیار کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر یوٹی میں صنعتی اسٹیٹس کو صنعتی دوست ہونا چاہئے جس میں کاروباری اور معیاری صنعتی کام کی ثقافت میں آسانی پر زیادہ توجہ دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یونٹ ہولڈروں کو بجلی کی مسلسل فراہمی ، مناسب طبی سہولیات ، فائر ٹینڈروں، اے ٹی ایم اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی ۔زکورہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں دستیاب بنیادی ڈھانچے کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مشیر نے کہاکہ صنعتی اسٹیٹ کی مجموعی ترقی کے لئے متعدد اجزاء کو اَپ گریڈ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ داخلہ سڑکوں کی ترقی ، بلاتعطل بجلی اور پانی کی فراہمی پر محکمہ انڈسٹری کو اوّلین توجہ مرکوز کرنا ہوگا تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ یونٹ ہولڈروں کو کم سے کم بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں۔مشیر کے ہمراہ ناظم صنعت و حرفت، ناظم ضیاء خان ، جنرل منیجر ڈی آئی سی سری نگر ، جنرل منیجر ایس آئی سی او پی اور دیگر افسران تھے۔اِس موقعہ پر مشیر بصیر احمدخان نے افسران ، سلک پارک یونٹ ہولڈروں اور انڈسٹریل انٹرپرینیور ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے یونٹوں کی سرگرمیوں ، خام مال کے ذرائع ، مصنوعات کی مارکیٹنگ ، کاروبار میں آسانی ، برانڈ کو فروغ دینے اور دیگر پہلوؤں سے متعلق سیر حاصل بحث ہوئی۔مشیر موصوف نے کہا کہ جموں و کشمیر میں حقیقی معنوں میں ایز آف ڈوئنگ بزنس لاگو کیا جارہا ہے۔ مشیر نے بتایا کہ ایل جی دستکاری اور صنعتی شعبے کو فروغ دینے کا متمنی ہے اور اس سلسلے میں مختلف اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔مشیر نے کہا کہ کاروباری افراد کو خدشات سے بچانے کے لئے صنعتی اکائیوں کی انشورنس بہت ضروری ہے۔مشیر نے یونٹ ہولڈروں کو یقین دلایا کہ تمام جائز مطالبات پر توجہ دی جانی چاہئے اور مقررہ وقت کے اندر مناسب حل یقینی بنانا چاہیئے۔ مشیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ میڈیکل ڈسپنسری ، آفس چیمبر برائے انٹرپرینیور ایسوسی ایشن اور صنعتی اسٹیٹ کا دورہ کرنے والے یونٹ ہولڈروں کی خدمات حاصل کرنے والے تکنیکی ماہرین کے لئے ایک گیسٹ ہاؤس تعمیر کریں۔اس موقعہ پر ایف سی آئی کے صدر شاہد کاملی کی نمائندگی کرنے والے یونٹ ہولڈروںنے ایل جی اور مشیر بصیر احمدخان کا صنعتی شعبے کی تشہیر اور ترقی میں مدد کے لئے وسیع پیمانے پر صنعتی دوست اقدامات اُٹھانے پر اُن کا شکریہ ادا کیا ۔