سرینگر//مرکزی وزیر دفاع نے کہا کہ مرکزی سرکار کشمیر کی صورتحال پر نگاہ رکھے ہوئے ہے اور وادی میں حالات بگاڑنے کی کسی کوبھی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوںنے کہا کہ کشمیر ہندوستان کا تاج ہے اور اس کو تاج کی طرح ہی ترجیح دی جارہی ہے۔ سی این آئی کے مطابق وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے وادی کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے کہا کہ مرکزی سرکار کشمیر کی صورتحال پر بدستور نگاہ رکھے ہوئے ہیں اور یہاں کے خرمن امن کو خراب کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حیدر آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران انہوں نے کہا کہ کشمیر یوں نے گذشتہ کئی دہائیوں سے بدترین حالات کا سامنا کیا،’ بس اب اور نہیں ۔‘انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار جموں و کشمیر بالخصوص وادی کشمیر میں حالات پر قابو پانے کیلئے تمام تراقدامات کررہی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ کشمیری نوجوان امن پسند اور ترقی پسند ہونے کے ساتھ ساتھ جمہوریت میں یقین رکھتے ہیں ۔ آج کے حالات بالکل مختلف ہیں نوجوان تعلیمی میدان میں بہتر رول اداکررہے ہیں اور ملک کے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ چل رہے ہیں ۔ انہوں نے پاکستان کا نام لئے بغیر کہاکہ ہمارے پڑوسی کشمیریوں کی خوشحالی نہیں دیکھ سکتے، اسلئے یہاں حالات کوبگاڑنے کیلئے آئے روز نئے نئے حربے اپنارہے ہیں۔ بھارت اپنے ہمسائیوں پریہ بات واضح کرنا چاہتا ہے کہ کشمیر بھارت کاتاج ہے اور ہم اس کو تاج کی طرح کی سجاکے رکھیں گے ۔اس کی طرف میلی آنکھوں سے دیکھنے والوں کے ناپاک عزائم کو کبھی بھی کامیاب ہونے نہیں دیاجائے گا۔ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ جموں و کشمیر میں عوامی راج سے ہی تعمیر و ترقی ممکن ہے اور اس جمہوری عمل میں لوگ شامل ہورہے ہیں جو کہ ایک اچھی بات ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مرکزی سرکار اس بات کی وعدہ بندہے کہ کشمیر کے حالات کے ساتھ ساتھ تعمیر وترقی کی طرف بھی توجہ دی جائے گی اور مرکزنے جموں کشمیر کے لئے کئی بڑے تعمیر و ترقی کے پروجیکٹوں پر کام شروع کیا ہے ۔