سرینگر// جموں کشمیر انتظامیہ نے کورونامعاملات میں مسلسل اضافے کو مد نظر رکھتے ہوئے 12جماعت تک اسکولوں اور ہر قسم کے تعلیمی تربیتی مراکز(کوچنگ سینٹروں) کو 30 اپریل تک بند رکھنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر سیکریٹری سمرن دیپ سنگھ کی جانب سے جمعرات کو جاری ایک حکم نامہ میں کہا گیا ہے’’جموں و کشمیر کے تمام اسکولوں میں 30اپریل2021تک 12ویں کلاسز بند رہیں گے اور اس دوران ان تعلیمی اداروں میں طلباء کیلئے جسمانی طور پر کیمپس بند رہیں گے‘‘۔ انتظامیہ نے وادی کشمیر اور جموں صوبے میں 12ویں تک کے سبھی کلاسز کو 18اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا اور اب اس فیصلے میں 30اپریل تک توسیع کردی گئی ہے۔آرڈر میں مزید کہا گیا ہے’’ یہ حکم دیا جاتا ہے کہ جموں کشمیر میں تربیتی مراکز(کوچنگ سینٹرس) جہاں طلاب درس و تدریس حاصل کرتے ہیں، بھی30اپریل تک بند رہیں گے‘‘۔کوچنگ سینٹر ابھی تک کام کررہے تھے لیکن چند روز قبل سے کئی کوچنگ سینٹروں میں طلباء مثبت آئے اور انہیں 5روز کیلئے بند کیا گیا تھا جبکہ دو کوچنگ مراکز کو مکمل بند کردیا گیا ہے۔ سمرن دیپ سنگھ نے کہا کہ جموں وکشمیر کی موجودہ کوروناصورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ فنانشل کمشنر ہیلتھ،انتظامی سکریٹری اسکول ایجوکیشن،صوبائی کمشنر ، جموں و کشمیر اور دیگر افسران کے ساتھ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے کیسوں کے رجحان میں اضافے بالخصوص جموں کشمیر کے کچھ اضلاع میںحالیہ ایام میں کیسوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیادوں پر بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔