سرینگر// ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی مرغ فروشوں اور قصابوںنے قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ مرغ فروش سرکاری قیمت125کے برعکس 170 روپے فی کلو فروخت کررہے ہیں۔قصاب بھی سرکاری ریٹ کے برعکس گوشت فروخت کررہے ہیں۔اجری سمیت 500اور بغیر اجڑی 550روپے فی کلو کے حساب سے گوشت فروخت ہورہا ہے۔ماہ رمضان کے تین دونوں کے دوران وادی کے کئی علاقوں میں ایک درجن سے زائد قصابوں کی دکانیں سیل کردی گئی ہیں۔ محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کا کہنا ہے کہ محکمہ کے چیکنگ سکارڈ نہ صرف شہر سرینگر بلکہ ہر ایک اضلاع مین متحرک ہیں جبکہ اضلاع میں قیمتیں اعتدال پر رکھنے کیلئے ضلع انتظامیہ بھر پور کارروائیاں کررہی ہے۔محکمہ نے جمعہ کو شہر میں21مرغ دکانوں کو سیل کیا۔ وادی میں مرغ فروشوں نے لوٹ مچا رکھی ہے اور کھلے عام170روپے مرغ فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے۔ماہ رمضان میں وادی میں گوشت اور مر غ کی کھپت اور استعمال میں اضافہ ہوتا ہے،اور اس کا ناجائز فائدہ اٹھا کر مرغ فروش اور قصاب و کوٹھدارصارفین کی گردنوں پر چھری چلاتے ہیں۔ محکمہ امور صارفین نے موسم سرما میں وادی میں مرغ بائلر فی کلو قیمت125روپے مقرر کی تھی،تاہم ماہ رمضان کی آمد سے ایک ہفتہ قبل ہی مرغ فروشوں نے اچانک اور غیر متوقع اضافہ کرکے شہریوں کو سکتے میں ڈال دیا۔مرغ فروشوں کی دکانوں پر کہیں کہیں ریٹ لسٹ موجود بھی ہو تو بھی مہنے داموں مرغ فروخت کئے جارہے ہیں۔ماہ رمضان سے قبل مرغ 140روپے کے حساب سے فروخت ہورہا تھا اور تین دنوں میں فی کلو 30روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔اسی طرح قصابوں کی من مانیاں بھی جاری ہیں۔ شہر سرینگر میں ہر ایک قصاب نے گوشت کی اپنی ریٹ مقرر کی ہے۔ معہ اجڑی 500اور بغیر اجڑی 550روپے کے حساب سے گوشت فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔یہ صورتحال وادی کے ہر ایک قصبے میں ہے۔ہر ایک ضلاع میں گوشت اسی نرخنامہ کے حساب سے فروخت کیا جارہا ہے اور بعض مقامات پر پولیس سٹیشنوں کے سامنے قصابوں کی دکانوں پر اسی ریٹ کے حساب سے گوشت فروخت کیا جارہا ہے۔ محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کی انفورسمنٹ اسکارڈ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مشتاق احمد وانی نے کہا کہ محکمہ نے ماہ رمضان میں اپنی مہم تیز کی ہے اور گراں فروشوں کی نکیل کس رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کو محکمہ نے21مرغ دکانوں کو سیل کیا۔ مشتاق حمد وانی نے کہا کہ بارہمولہ میں16جبکہ سرینگر کے مختلف حصوں میں5 مرغ دکانات کو سیل کیا گیا۔ وانی نے کہا کہ اس کے علاوہ جمعہ کو بڈگام اور بارہمولہ میں5قصابوں کی دکانیں بھی سیل کی گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ سرکاری قیمتوں کو نظر انداز کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی کے ساتھ نپٹا جائے گا۔