سرینگر// رمضان کریم کا کل پہلا جمعتہ المبارک تھااور اس دن کی مناسبت سے نماز جمعہ کے موقعوں پر بڑے بڑے اجتماعات کا اہتمام کیا گیا ہے اور فرزندان توحید نے بار گاہ الٰہی میںسر بسجود ہو کر دعائیں مانگیں اور اپنے گناہوں کی بخشش کیلئے آہ و زاری کی۔سی این ایس کے مطابق رمضان کے پہلے جمعتہ المبارک کے سلسلے میں آثار شریف حضرت بل اور جامع مسجد سرینگر میں روح پرور تقاریب منعقد ہوئیں جہاں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز جمعہ ادا کی۔وادی کے شمال و جنوب سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ دوپہر تک حضرت بل پہنچ گئے۔ درگاہ حضرت بل میں دوپہر سے قبل ہی لوگ صفوں میں بیٹھے درور و اذکار میں محو تھے جن میں خواتین کی بھی ایک بھاری تعداد شامل تھی جو اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں مانگتی رہیں۔ جامع مسجد سرینگر میں فرزندان ملت کی ایک بڑی تعداد جمع ہوئی جنہوںنے نماز جمعہ کے موقعہ پر اللہ تعالیٰ کے حضور سر بسجود ہو کر توبہ استغفار کی۔ مسجد شریف سمندر باغ ،جامع اہلحدیث گائو کدل ، مسجد جامع قدیم بٹہ وارہ کے علاوہ شہر کی دیگرچھوٹی بڑی مساجدوں ، خانقاہوںاور درگاہوں میں بھی اس سلسلے میں روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے اور لوگوں کی کثیر تعداد نے ان مجالس میں حصہ لے کر’’توبہ و استغفار ‘‘کیا۔ مسجد غزالی رعناواری ، پتھر مسجد سرینگر ، خانقاہ معلی ،جناب صاحبؒ صورہ، دستگیر صاحبؒ خانیار،ٹی آر سی مسجد، دستگیر صاحبؒ سرائے بالاسمیت تما م چھوٹی بڑی مساجد اور خانقاہوں میں تقریبات کا اہتما م ہوا ۔جن میں علماء اور ائمہ حضرات نے ماہ رمضان کی فضیلت کو اجاگر کیا اور وادی میں امن و آشتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔