سرینگر//ڈپٹی کمشنرسرینگر محمداعجازاسد نے سنیچر کوہڈیوں اورجوڑوں کے اسپتال،لل دیداسپتال اورجی بی پنتھ اسپتال کو طوفانی دورہ کیااوروہاں مریضوں کیلئے دستیاب سہولیات کاجائزہ لیا۔ انہوں نے شہرکے اسپتالوں میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں پر کام کی پیش رفت کابھی معائنہ کیا۔ہڈیوں اورجوڑوں کے اسپتال میں ڈپٹی کمشنر نت مختلف وارڈوں کا معائنہ کیا اور ٹراماسیکشن،آئوٹ پیشنٹ اوران پیشنٹ شعبوں ،جنرل وارڈ اور آپریشن کے بعد مریضوں کیلئے مخصوص وارڈ کابھی دورہ کیا۔اس کے علاوہ انہوں کووِڈ ٹیکہ کاری اورآئسولیشن وارڈ کابھی معائنہ کیا۔اس موقعہ پرڈپٹی کمشنر نے مریضوں اوران کے تیمارداروں سے بھی بات چیت کی اوران سے اسپتال میں فراہم سہولیات کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کی۔اسپتال کے میڈیکل اسپرانٹنڈنٹ اوردیگر عملہ نے ڈپٹی کمشنر کواسپتال کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے ہڈیوں اورجوڑوں کے اسپتال میں 88.95کروڑروپے کے 120بستروں کے اسپشلائزڈآرتھوپیڈک یونٹوں معہ چھ آئی سی یوبیڈوں پرکام کابھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ ایجنسی کوہدایت دی کہ وہ ڈبل شفٹ میں کام کریں تاکہ یہ پروجیکٹ معینہ مدت میں مکمل کیا جائے۔اسپتال کے میڈیکل اسپرانٹنڈنٹ نے اسپتال میں پارکنگ سہولیات کامعاملہ اُٹھایااوراسے فوری طور حل کرنے پرزوردیا۔لل دیداسپتال میں ڈپٹی کمشنر نے اسپتال کے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ کے ہمراہ مختلف شعبوں کا دورہ کیااوروارڈوں میں بیماروں اور تیمارداروں سے مریضوں کی نگہداشت کے حوالے سے جانکاری حاصل کی۔ڈپٹی کمشنر نے آیوشمان بھارت گولڈن کارڈ سیکشن کا بھی معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے 133.35کروڑ روپے مالیت کے لل دیداسپتال کے نئے اضافی بلاک پر کام کی پیش رفت کابھی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹ کو معینہ مدت کے اندر پایہ تکمیل پہنچانے کیلئے افرادی ومشینی قوت کواستعمال میں لائیں۔اس کے بعد ڈپٹی کمشنر سونہ وار بھی گئے اوروہاں جی بی پنتھ اسپتال کا دورہ کرکے وارڈوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے یہاں تیمارداروں سے اسپتال میں مہیا سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہوں نے اسپتال حکام کو اسپتال میں درکار تعمیراتی اور دیگر سہولیات کے بارے میں تجاویزحکام کو پیش کرنے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر اسپتال کے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ نے اسپتال میں پارکنگ سہولیات کا مسئلہ اٹھایا اوراس بارے میں ڈپٹی کمشنر کی مداخلت طلب کی ۔ڈپٹی کمشنر نے اسپتال میں صفائی ستھرائی کویقینی بنانے پرزوردیا۔