کنگن//تحصیل گنڈ اور کنگن میں مارکیٹ چیکنگ کے دوران قصورواردوکانداروں سے 4700روپئے کا جرمانہ وصول کیا گیا ۔عوام کی طرف سے قیمتوں کو لیکر مسلسل شکایت کے بعد محکمہ امور صارفین وعوامی تقسیم کاری کے چیکنگ سکارڈ، محکمہ فوڈ سیفٹی نے ایس ڈی ایم کنگن حکیم تنویر کی ہدایت پر کنگن اور گنڈ علاقے کے گنڈ، مامر،گنہ ون، ریول، کلن، گگن گیر میں مارکیٹ چکنگ کے دوران سبزی فروشوں، مرغ، فروشوں اور دوکانداروں سے موقع پر 4700روپے جرمانہ وصول کرکے دوکانداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی دوکانوں کے باہرنرخ نامہ آویزان رکھیں تاکہ صارفین کو قیمتوں کے بارے میں جانکاری مل سکے۔ ٹی ایس او کنگن حاجی جاوید احمد ماگرے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ عوام کی طرف سے مسلسل شکایتیں موصول ہورہی ہیں کہ سبزی ، میوہ اور مرغ فروشوں نے قیمتوں میں اضافہ کرکے صارفین کو ماہ مبارک کے اس مہینے میں پریشان کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ڈی ایم کنگن کی ہدایت پر نائب تحصیلدار گنڈ محمد مقبول کی قیادت میں محکمہ امور صارفین وعوامی تقسیم کاری اور فوڈ سیفٹی کی ٹیم نے ان علاقوں کا دورہ کرکے قصوروار دوکانداروں سے 4700 روپے کاجرمانہ وصول کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مارکیٹ چکنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔