ماہ رمضان میں کشتواڑمیں بجلی کی آنکھ مچولی سے عوام پریشان
انتظامیہ کے دعوے صرف بیان بازی تک ہی محدود، افطاری و سحری کے اوقات میں بجلی غائب
عاصف بٹ
کشتواڑ//قصبہ کشتواڑ و گردنواح کے علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے عوام سخت مشکلات سے دوچار ہوررہی ہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ماہ رمضان المبارک میں بھی بجلی کی غیراعلانیہ کٹوتی کی جارہی ہے۔ جہاں دن بھر بجلی کی آنکھ مچولی رہتی ہے وہیں سحری و افطار کے وقت بھی بجلی غائب ہی رہتی ہے جسکے سبب عوام سخت مشکلات کاسامنا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جہاں انتظامیہ نے ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ کو کہا تھا لیکن متعلقہ محکمہ اپنی من مانی کرنے پر بضد ہے جس کا خمیازہ عوام بھگت رہی ہے۔یہی حال دیہات کا بھی ہے جہاں بجلی کی آنکھ مچولی عوام کیلئے درد سر بنی ہوئی ہے۔ بونجواہ کے لوگوں نے بتایا کہ جہاں ماہ رمضان سے قبل بھی یہی حال تھا وہیں انھیں یہ امید تھی کہ ماہ رمضان میں بجلی کی سپلائی متاثر نہیں ہوگی لیکن حالات بالکل بھی نہ بدلے۔جبکہ دیگر دیہات میں بھی یہی حال ہے۔ عوام نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ماہ رمضان میں بلاخلل بجلی فراہم کہ جائی تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈوڈہ میں بھی برف و باراں
معمولاتِ زندگی متاثر، رابطہ سڑکیں زیر آب
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //جمعہ کی درمیانی شب کو ڈوڈہ ضلع کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ ہفتہ کے روز بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں معمولات زندگی متاثر ہوئئی۔اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ ،بونجواہ کے بالائی علاقوں میں جمعہ کی شب ہلکی برفباری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو ہفتہ کے روز جاری رہا۔جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی جبکہ شہر و گام کی رابطہ سڑکیں ایک بار پھر زیر آب ہو گئیں۔مسلسل بارشوں سے بھلیسہ، کاہرہ، ٹھاٹھری و بونجواہ کے درجنوں دیہات میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا ہے جبکہ ندی و نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔
کٹھوعہ میں دلدوز حادثہ
بجلی کا کرنٹ لگنے سے 2نوجوان جاں بحق
کٹھوعہ //جموں کے کٹھوعہ علاقے میں ایک دلدوز حادثے میں دو نوجوان ؎بجلی کرنٹ لگنے کے نتیجے میں 2نوجوان جاں بحق ہوئے ہیں۔پولیس نے واقعے کے حوالے سے ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔ جموں وکشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں سنیچر کی صبح بجلی کا کرنٹ لگنے سے موٹر سائیکل پرسوار دو نوجوانوں کی موت واقع ہوئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ضلع کٹھوعہ کے جسروتہ قلعے کے نزدیک ہفتے روز موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوان بجلی کا کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گئے۔پولیس نے دونوں نوجوانوں کی شناخت 26 سالہ ادیناش شرما ولد کلدیپ راج اور 27 سالہ سریش شرما ولد مدن لال ساکنان کٹھوعہ کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے واقعے کے حوالے سے ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقار شروع کی ہے ۔
ٹریکٹر حادثے میں بیرون ریاستی ڈرائیور ہلاک
محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگرقومی شاہراہ پر جمعہ کی رات بانہال کے نزدیک شابن باس کے مقام ایک ٹریکٹر حادثہ میں ٹریکٹر ڈرائیور کی موت واقع ہوئی ہے۔ یہ چیسیز ٹریکٹر وادی کشمیر کی طرف آنے کے دوران سڑک سے کئی سومیٹر نیچے لڑھک کر نالہ بشلڑی کی طرف گر گیا۔حادثے کی خبر ملتے ہی بانہال پولیس اور بانہال والنٹیرز کے رضاکار جائے واقع پر پہنچ گئے اور فوری طور بچاو کاروائیوں کا آغاز کیا۔ انہوں نے بیرون ریاستی ٹریکٹر ڈرائیور کو فوری طور پر بانہال ہسپتال منتقیل کیا جیاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔ پولیس نے مرنے والے ڈرائیور کی شناخت برج موہن ولد رام جی لعل ساکنہ شاہ پور ، جتن متھرا اتر پردیش کے طور کی ہے۔
کنتھان ارناس میں ٹیمپو اور ٹرک کے بیچ ٹکر میں 6زخمی
زاہد ملک
مہور//ضلع ریاسی کے تحصیل ارناس کے کنتھان میں ہفتہ کو ٹمپو اور ٹرک کے بیچ ٹکر ہوئی جس میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔بتایا جاتا ہے کہ ٹمپو ریاسی سے مہور کی جانب جارہا تھا کہ کنتھان ارناس کے مقام پر پہنچ کر مذکورہ گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں جن میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔حادثہ کے فوراً بعد ہی پولیس اور مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو پی ایچ سی ارناس منتقل کیا جہاں سے تمام زخمیوں کو ضلع ہسپتال ریاسی منتقل کیا گیا۔زخمیوں کی شناخت ستیندر سنگھ،نریندر سنگھ،شام سنگھ،محمد الیاس،سنتوش کماری اور کریتار سنگھ کے طور ہوئی۔بتایا جاتا ہے تمام افراد تحصیل چسانہ کے رہنے والے ہیں۔
کٹرہ اور پنتھال کوویڈ 19آگاہی کیمپ منعقد
ریاسی// محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ (DIPR) کی ثقافتی ونگ جموں نے ضلعی انفارمیشن سنٹر ریاسی کے اشتراک سے کٹرہ اور پنتھال میں COVID-19 اور آزادی کا امرت مہوتسو پر مبنی ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا۔اس موقع پر بلاک ڈویڑنل آفیسر پینتھال پنیکا مارواہہ مہمان خصوصی تھے۔پروگرام کے دوران جوائنٹ ڈائریکٹر برائے انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشن جموں کے کلچرل یونٹ کے فنکارں نے متعدد ثقافتی سرگرمیاں پیش کیں ، جنھیں اجتماع نے بے حد سراہا۔ بی ڈی او کٹرہ اور پینتھال نے اس طرح کے آگاہی پروگراموں کے انعقاد پر محکمہ اطلاعات کے فنکاروں کا شکریہ ادا کیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ کوڈ انفیکشن سے بچنے کے لئے ایس او پیز کے رہنما خطوط پر عمل کریں۔
چائلڈ لائن ڈیپارٹمنٹ نے ڈگری کالج ٹھاٹھری میں آگاہی کیمپ لگایا
ڈوڈہ//عام لوگوں ، طلباء اور بچوں کو چلڈ لائن کے کام کرنے اور بچوں کے حقوق سے آگاہ کرنے کے لئے ، چائلڈ لائن ڈیپارٹمنٹ اور آئی سی پی ایس ڈوڈا کے ذریعہ گورنمنٹ ڈگری کالج ، ٹھاٹھری میں ایک آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ آگاہی پروگرام میں طلبا کو چائلڈ ہیلپ لائن ٹول فری نمبر 1098 کے بارے میں حساس کیا گیا۔جب کسی بھی بچے کو تکلیف اور خطرے میں یا کسی خراب صورتحال میں پائے جاتے ہیں تو انہیں بلا جھجک 1098 پر فون کرنے کے لئے کہا گیا۔وہ فوراًہی چائلڈ لائن ڈوڈہ سے رابطہ کریں تاکہ بچے کو بروقت مدد فراہم کی جاسکے۔ نیز کوئی بھی چائلڈ لائن کے دفتر میں جاسکتا ہے جو ریڈ کراس سوسائٹی کے تعاون سے ڈپٹی کمشنر آفس ڈوڈہ میں چل رہا ہے۔کیمپ میں پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج بشارت اقبال مرزا ، پروفیسر سدیش کمار ، پروفیسر ستپال ، پروفیسر ظہور الدین ، پروفیسر ڈاکٹر وجے کمار ، پروفیسر ڈاکٹر نیاز اور دیگر عملہ اور کالج کے طلباء نے شرکت کی۔چائلڈ لائن کوآرڈی نیٹرنے انہیں اپنے کام اور ٹول فری نمبر 1098 کے بارے میں آگاہ کیا۔ ان کو یہ بھی کہا گیا تھا کہ وہ معاشرتی فاصلہ برقرار رکھیں ، چہرے کا ماسک پہنیں ، حفظان صحت برقرار رکھیں ، اپنے اور اپنے کنبے کو مہلک کوویڈ 19 انفیکشن سے بچانے کے لئے کثرت سے ہاتھ دھویں۔
گندم کے بجائے آٹافراہم کرنے کا مطالبہ
کشتواڑ //ڈی ڈی سی کشتواڑ کی وائس چیئرپرسن صائمہ پروین لون نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سی اے پی ڈی کشتواڑ کو لکھے گئے خط میں ضلع کشتواڑ کے عوام کو گندم کی جگہ آٹا فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا"چونکہ دور دراز کے بلاکس کے صارفین راشن ڈیپو سے گندم لینے سے انکار کرچکے ہیں۔ انکار کے باوجود لوگ گندم حاصل کرتے رہتے ہیں " صائمہ پروین نے مزید کہا کہ آج کے دور میں صارفین گندم کو پیسنے کے لئے "چکی" نہیں ہے اوراگر پیسنے کیلئے علاقوں میں چکی یا گھراٹ دستیاب ہوں گے تو صارفین کو گندم ملنے میں زیادہ ہچکچاہٹ نہیں ہوگی لیکن آج کے دور میں یہ دستیاب نہیں ہے۔