گاندربل//گاندربل میں آتشزدگی کی الگ الگ واردات میں دو رہائشی مکان اور صفاپورہ میں بلاک ڈیولپمنٹ دفتر خاکستر ہوگیا۔ گاندربل کے علاقہ لار سے ملحقہ علاقہ ولی وار میں دو بھائیوں کے الگ الگ رہائشی مکانات آتشزدگی کی واردات میں خاکستر ہوگئے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پیر کی سہ پہر عالم دین غازی ولد جمہ غازی کے رہائشی مکان سے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے تیزی سے نزدیکی ہی قائم دوسرے بھائی کلام دین غازی کے رہائشی مکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔آگ لگنے کے فوراً بعد محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی گاڑیاں اور عملہ جائے واردات پر پہنچ گیا اور آگ پر قابو پالیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں دونوں مکانات کو بھاری نقصان پہنچا ۔ادھر صفاپورہ میں موجود بلاک ڈیولپمنٹ دفتر میں اس وقت آگ نمودار ہوئی جب لوگ افطاری میں مصروف تھے۔مقامی لوگوں کے مطابق صفاپورہ پنچایت گھر کے نزدیک بلاک ڈیولپمنٹ دفتر سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے تیزی سے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آتشزدگی کی اس واردات میں دفتر میں موجود تمام کاغذات اور دیگر ساز و سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق آدھے کلومیٹر کی دوری پر واقع محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کا اسٹیشن موجود ہے جنہیں جائے واردات تک پہنچنے میں45 منٹ کا وقت لگا جس کی وجہ سے پوری عمارت اور اس میں موجود ریکارڈ خاکسترگیا۔ پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرلیا۔