سرینگر //بادام واری سرینگر کے ڈی ڈی باغ علاقے میں گذشتہ 2برسوںسے پانی کی نکاسی کیلئے نالیوں اور ڈرنیج کی صفائی نہیں ہو سکی ہے جس کے نتیجے میں دو مکان زیر آب ہیں جبکہ گندا پانی گھروں کی صحنوں میں جمع ہونے سے بدبو پھیلنے سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ڈی ڈی باغ حول علاقے میں امام صاحب گلی میںنذیر احمد میاں اور نذیر احمد گنائی کے 2مکان گندے پانی کی زد میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان مکانوں کی بنیادیں بھی پانی کے اندر ہیںکیونکہ مکانوں کے ساتھ سے گزرنے والی نالیوںکی صفائی کرنے میں متعلقہ محکمہ مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان نالیوں میں گھروں سے نکلنے والا ٹھوس فضلہ اور کورا کرکٹ جمع ہے اور پانی نالیوںسے ڈرنیج تک نہیں پہنچ سکتا ہے ۔ نذیر احمد میاں نے بتایا کہ معمولی بارش ہونے سے مکان کے صحن پانی سے بھر جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے متعدد بار اس تعلق سے محکمہ کے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا لیکن رسمی طور پر محکمہ کے خاکروب یہاں تھوڑی بہت صفائی کر کے واپس چلے جاتے ہیں لیکن پانی کی نکاسی کا معاملہ حل نہیں ہو پاتا ۔ مقامی شہریوں نے میونسپل حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس جانب فوری دھیان دیا جائے تاکہ ان کی مشکلات کا ازلہ ہو سکے ۔