مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی پنچایت لوہر سلواہ میں بنیادی سہولیات کی قلت کی وجہ سے مقامی لوگوں کی معمولات زندگی متاثر ہو رہی ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سب دویژن کی اکثر پنچایتوں میں ووٹروں کی کل تعداد 5سو سے 8سو کے درمیان ہے تاہم سلواہ لوہر پنچایت کے وارڈ نمبر 1میدانہ میںووٹروں کی کل تعداد 5سو کے قریب ہے تاہم مذکورہ آبادی کو بنیادی سہولیات ہی فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ آبادی کیلئے صرف 1بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا گیا ہے جبکہ مذکورہ ٹرانسفارمر سے وارڈوں میں بجلی سپلائی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے بجلی کی انتہائی کم ولٹیج ہونے کی وجہ سے مکینوں و طلباء کو دقتوں کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ٹرانسفارمر کے خراب ہونے کے دوران کئی دنوں تک اس کی مرمت ہی نہیں کی جاتی ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ گائوں میں محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے قانونی کنکشن انتہائی کم جبکہ غیر قانونی کنکشن کی تعداد کافی زیادہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک ٹرانسفارمر پر دو آٹا چکیا ں بھی چلائی جارہی ہیں جبکہ گائوں میں پینے کا صاف پانی بھی دستیاب نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کی نا اہلی کی وجہ سے لوگوں کو کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کرنے کے بعد قدرتی چشموں سے پانی لاناپڑتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پنچایت میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔